پاک بھارت مشترکہ فوجی مشقیں......!

May 01, 2018

سرد جنگ کی اصطلاح جنگ عظیم دوئم کے بعد اس وقت کے سویت یونین اور امریکاکےدرمیان ان کےمفادات ، تعلق ،رشتے اوران کے سیاسی معاملات و مفادات کانام تھا ،1945 سے 1980 تک امریکا اور روس کے تعلقات کیلئے اس عنوان کا استعمال ہوتا ہے ،اس سرد جنگ نے عالمی سیاست کو کئی دہائیوں تک متاثر کئے رکھااور اسکی وجہ سے بہت سے عالمی بحرانوں نے جنم لیا۔

سرد جنگ کی بنیاد نظریاتی تضادات تھے ،دونوں قوتیں عالمی سیاست پرکنٹرول حاصل کرنے کیلئے ہر جائز اور نا جائز طریقہ استعمال کرنےلگیں ، اپنے توسیع پسندانہ عزائم کی تکمیل کیلئے ہر موقع کا فائدہ اٹھانے لگے ۔

دوسری جنگ عظیم کے دوران جب سوویت یونین اور امریکا نے اتحادی کی حیثیت سے جرمنی کا مقابلہ کیا تو جنگ کےبعد ان کے تعلقات دوستانہ اور خوشگوار ہونے چاہئے تھے لیکن ایسانہیں ہوا کیونکہ دوسری جنگ عظیم کے دوران ان کے دوستانہ تعلقات محض ایک سراب ثابت ہوئے۔

سرد جنگ کے بعد دونوں ممالک کبھی بھی ایک دوسرے سے بلا واسطہ جنگ نہیں لڑرہے تھے کیونکہ دونوں کو پتہ تھا کہ اس کے نتائج بہت ہی بھیانک ہوں گے۔

دونوں ممالک اپنے نظریات کے لئے ان کی ممالک کی مدد کرتے تھے جو ان کے نظریات کے قریب ہوتے تھے ، جیسےجنوبی ویتنام کمیونزم کے خلاف تھا اور انہیں جنگ کے دوران امریکا کی مدد حاصل تھی اور دوسری جانب شمالی ویتنام تھا جسے روس کی مدد حاصل تھی۔

اسی طرح افغانستان میں امریکا باغیوں کو سوویت یونین کے خلاف مکمل مدد فراہم کررہا تھا لیکن کبھی لڑنے کیلئےاپنی فوج نہیں اتارتا تھا ۔

سرد جنگ کا وہ دور جس میںسوویت یونین نے افغانستان میں مداخلت کی پاکستان اور روس کی دوریاں مزید بڑھا گیا تاہم سرد جنگ کے خاتمے کے بعد آہستہ آہستہ منظر تبدیل ہوا اس وقت کے مجاہد دہشت گرد بن گئے،چین کااثر رسوخ بڑھتا گیا اور پاک چین قربت کی وجہ سے روس بھی مرحلہ وار پاکستان کے قریب آتا گیا اوران قربتوں کے نتیجہ میں روسی فوجی مشترکہ مشقوں کے لئےپاکستان پہنچ گئے۔

سن 2016میں مشترکہ فوجی مشقوں سے دونوں ملکوں کے درمیان عسکری روابط مزید مضبوط ہوئے اور پاکستان نےدہشت گردی کے خلاف کارروائیوں سے متعلق اپنے تجربے کا تبادلہ روسی فورسز سے کیا ۔

یہ سلسلہ ایک مرتبہ انعقاد کے بعد رکا نہیں بلکہ ایک سال بعد2017میں’دروزبہ‘ نامی مشقیں روس کے شہر منرالینی میں ہو ئیں ان مشترکہ فوجی مشقوں کی افتتاحی تقریب میں دونوں ملکوں کی اسپیشل فورسز کے سینئر افسران شریک ہوئے۔

روس کے ساتھ پاکستان کی فوجی مشقوں کے بعد پاکستان کی بھارت کے ساتھ فوجی مشقوں کی خبریں شہ سر خیوںمیں ہیں پاکستان اور بھارت کی افواج تاریخ میں پہلی بار مشترکہ فوجی مشقیں کریں گی ان مشقوں کا انعقاد ستمبر میں شنگھائی تعاون تنظیم کے تحت روس میں رواں سال اگست ،ستمبر میں ہوگا۔

فوجی مشقوں میں چین ، پاکستان ، بھارت اور روس کی افواج شریک ہوں گی . ان مشقوں کو امن مشن 2018 کا نام دیا گیا ہے ۔