’ اکبر‘ کو راتوں رات ’مہا رانا پرتاپ‘ بنانے کی کوشش

May 09, 2018

مغل بادشاہ جلال الدین اکبر اور مہارانا پرتاب سنگھ کی تصاویر پر مبنی آرٹ کا نمونہ

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے’ اکبر روڈ‘ کا نام راتوں رات ’مہارانا پرتاپ روڈ‘ رکھنے کی کوشش نے ہندو انتہا پسندوں کے عزائم کو ایک بار پھر واضح کردیا ہے ۔

حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے اقتدار میں آنے کے بعد مسلم حکمرانوں کی نشانیوں اور ان کے نام سے منسوب جگہوں کو خاص طور پر ہدف بنالیا گیا ہے۔

مغل شہنشاہ اورنگزیب عالمگیر کے نام سے دہلی میں موجود شاہراہ کا نام بدلنے کی خبر تو پرانی ہوئی، تازہ اطلاعات ہیں کہ مغل خاندان کے تیسرے حکمراں جلال الدین محمد اکبر سے منسوب’ اکبر روڈ‘ کو بھی ہندو شرپسندوں نے ٹارگٹ بنالیا ہے ۔

مغل بادشاہ جلال الدین اکبر سے1576ء میں میدان جنگ میں شکست کھانے والے مہارانا پرتاپ سنگھ کے جنم دن کے موقع پر نئی دہلی میں بھارتی یادگار انڈیا گیٹ سے قریب سے گزرنے کی والی شاہراہ اکبر روڈ کے سائن بورڈ پر ہندو انتہا پسندوں نے پیلے رنگ کا مہارانا پرتاپ سنگھ کے نام کا پوسٹر چسپا کردیا گیا ہے۔

نئی دہلی میونسپل کونسل ( این ڈی ایم سی ) کے ترجمان مہیندر سہراوت نے اکبر روڈ کا نام بدلنے کےا قدام کی نفی کی اور کہا کہ ایسی کوئی تجویز زیر غور نہیں ، اکبر روڈ کے سائن بورڈ پر یہ پیلے اور گلابی رنگ کا پوسٹر کس نے لگایا معلوم نہیں ، جسے ہٹادیا گیا ہے۔

اس سے قبل ستمبر 2017ء میں بھی اس روڑ کے سائن بورڈ پر ایک ہندونوازتنظیم کی طرف سے کالک مل دی گئی تھی، ساتھ ہی ایک پرچہ بھی چسپاں کیا گیا تھا جس پر اکبر روڈ کا نام مہارانا پرتاپ روڈ کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھااس کارستانی کا الزام ہندو سینا پر عائد کی گئی تھی،اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پہنچ گئی اور روڈ سائن پر چسپاں پوسٹرہٹوایا ۔

ہندونواز تنظیموں کا مطالبہ ہے کہ مغل حکمرانوں سے موسوم سڑکیں اور مقامات ہندو راجاؤں اور شخصیات کے نام سے منسوب کی جائیں۔ اس سے قبل 28اگست 2015کونئی دہلی میونسپل کونسل نے اورنگ زیب روڈ کا نام تبدیل کر کے ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام روڈ کر دیا ۔