پی ایف ایف نیشنل چیلنج کپ فٹ بال:پی اے ایف کی کامیابی

May 10, 2018

پاکستان ایئرفورس نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد سابق چیمپئن پاکستان واپڈا کو 2-1 کی شکست دیکر پی ایف ایف نیشنل چیلنج کپ فٹ بال ٹورنامنٹ جیت لیا۔

فائنل کے مہمان خصوصی پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے سینئر نائب صدر اور سندھ فٹ بال ایسو سی ایشن کے صدر سید خادم علی شاہ تھے جنہوں نے ٹیموں میں انعامات تقسیم کئے۔ اس موقع پر پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے سیکرٹری کرنل (ر) احمد یار خان لودھی، پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ کے سی ای او سید وامق بخاری، سلیم شیخ، میاں عبدالباری، چوہدری عبدالرشید، اعظم خان اور دیگر موجود تھے۔

ایئرفورس کے کپتان کو وننگ ٹرافی اور دس لاکھ روپے کی رقم دی گئی جبکہ رنر اپ ، واپڈا ٹیم کو ٹرافی اور سات لاکھ روپے، پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ کی ٹیم کو تیسری پوزیشن حاصل کرنے پر ٹرافی اور پانچ لاکھ روپے اور ٹرافی دی گئی ، پی پی ایل کے کپتان نذیر احمد نے،یہ دونوں چیزیں، پاکستان پٹرولیم لمیٹڈکے سید وامق بخاری سے وصول کی۔

سید خادم علی شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے صدر سید فیصل صالح حیات ملک میں کھیل اور کھلاڑیوں کی ترقی کیلئے بڑے بڑے اقدامات کررہے ہیں جس کی واضح مثال چیلنج کپ کی انعامی رقم ہے اس کو 5لاکھ سے بڑھا کر ساڑھے 25لاکھ کیا ہے اس کے علاوہ کھلاڑیوں کے الائونس اور دیگر مراعات میں بھی اضافہ کیا ہے۔

کرنل (ر) احمد یار خان لودھی نے کہا کہ صدر پی ایف ایف نے ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد اور عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے والی تمام ٹیموں، آفیشلز اور شائقین کو مبارک باد دی ہے۔ کے پی ٹی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے فائنل میں پاکستان واپڈا نے پنالٹی کک پر احمد فہیم کے ذریعے گول کرکے برتری حاصل کی۔ لیکن بعد ایئرفورس کے کھلاڑیوں نے حیران کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ 32 ویں منٹ میں پی اے ایف کا پہلا گول محمد مجاہد نے جبکہ 66 ویں منٹ میں صمد خان نے دوسرا گول کرکے ٹیم کو 2-1 سے فتح دلائی۔