ششی تھرور کی بیوی کی موت کا معمہ 4 سال بعد حل

May 14, 2018

بھارت کے رکن کانگریس ششی تھرور کی بیوی سنندا پشکر کی موت کا معمہ 4 سال بعد حل ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق پولیس نے سنندا پشکر کی موت کو خودکشی قرار دے دیا اور ان کے شوہر ششی تھرور پر اس کی اعانت کا الزم عائد کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سنندہ پشکر سترہ جنوری 2014 کو نئی دلی کے ہوٹل میں اپنے کمرے میں مردہ پائی گئی تھیں اور اس وقت ان کی عمر 51برس تھی جبکہ ان کی موت کے بعد سے پولیس ان کے قتل یا خودکشی کی تحقیق کر رہی تھی۔

یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں رونما ہوا تھا، جب کچھ دن قبل ہی سنندہ نے اپنے شوہر پر ’بے وفائی‘ کا الزام عائد کیا تھا۔ انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کے شوہرکا ایک پاکستانی صحافی مہر تارڑ کے ساتھ افیئر چل رہا ہے۔

ششی تھرور نے اپنی بیوی کی ہلاکت میں ملوث ہونے کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں ’بے معنی‘ قرار دیا اور اپنے ایک ٹوئٹ میں کہاکہ ’’سنندہ کو جو کوئی بھی جانتا ہے، وہ یہ یقین نہیں کرے گا کہ وہ خودکشی کر سکتی تھیں۔‘‘

چار سال کی تحقیقات کے بعد پولیس نے عدالت میں چارج شیٹ جمع کرائی جس کے مطابق سنندا پشکر کی موت قتل نہیں خودکشی تھی اور خودکشی میں ان کے شوہر ششی تھرور نے معاونت کی تاہم ششی تھرور نے الزام کے خلاف اپیل کا فیصلہ کیا ہے۔

تھرور نے مزید کہا، ’’اکتوبر سن2017 میں ایک قانونی افسر نے دہلی کورٹ میں ایک بیان دیا تھا کہ انہیں کسی کے خلاف کوئی کوئی ثبوت نہیں ملا ہے اور اب6 ماہ بعد ان کا کہنا ہے کہ میں نے خودکشی میں مدد کی یہ ناقابل یقین ہے۔‘‘

اس سے قبل سن 2015 میں بھارتی پولیس نے ششی تھرور سے پوچھ گچھ بھی کی تھی تب انہیں تھرور کو اس الزام کا سامنا تھا کہ انہوں نے اپنی ازدواجی زندگی کی قانونی شرائط کی خلاف ورزی کی تھی جبکہ سنندہ کی ہلاکت کے بعد پولیس نے دعویٰ کیا تھا کہ انہیں زہر دیا گیا تھا اور اس وقت پولیس نے قتل کا مقدمہ بھی دائر کر دیا تھا تاہم کسی مشتبہ شخص کا نام نہیں لیا گیا تھا۔