پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے اکثر علاقوں میں بجلی کی سپلائی بند

May 16, 2018

پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے اکثر علاقوں میں بجلی کی سپلائی بند ہے جس کی وجہ سے معمولات زندگی متاثر ہو رہے ہیں، گھروں اورمساجد میں پانی ناپید ہوگیا، بجلی بند ہونے سے ٹیلی فون کی لائن بھی خاموش ہوگئی جس سے شہری پریشان ہیں۔

پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں صبح سے ہی بجلی کی فراہمی معطل ہے، پیسکو حکام کے مطابق تربیلا اورگڈو ترمل پاورپلانٹ میں فنی خرابی کے باعث سپلائی معطل ہوئی ہے، بجلی کی بندش سے کاروبار زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا ہے۔

بجلی کی بندش سے دلزاک روڑ ، سفید ڈھیری، یونیورسٹی ٹاؤن، بشیر آباد، پجگی روڈ، چارسدہ روڈ، کینٹ، اندرون شہر، نشتر آباد، ہشتنگری، شیخ آباد ، دیر کالونی، کوہاٹ روڈ، سیٹھی ٹاؤن ، ورسک روڈ ، رامداس بازار ، جی ٹی روڈ ،بلال ٹاؤن ،حیات آباد اور بازار کلاں متاثر ہوئے ہیں۔

ٹیوب ویل بند ہونے سے گھروں اور مساجد میں پانی بھی ناپید ہوگیا ہے۔

پشاور میں بجلی ہی نہیں، بی آر ٹی منصوبے پر جاری کام اور لائنوں کی تبدیلی کے باعث گیس کی سپلائی بھی بند ہے اور بیشتر علاقوں میں لینڈ لائن ٹیلی فون بھی خاموش ہیں۔