لاہور میں اورنج ٹرین کی آزمائش سروس شروع، موقع ملا تو سندھ اور پختونخوا میں بھی چلائیں گے، شہباز شریف

May 17, 2018

لاہور (نمائندہ جنگ؍جنگ نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے گزشتہ روز لاہور میں اورنج لائن میٹرو ٹرین کی ڈیرہ گجراں سے لکشمی چوک تک آزمائشی سروس کا افتتاح کیا۔ ٹرین کا روٹ 27 کلومیٹر طویل ہوگا۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب شہبازشریف نے کہا کہ موقع ملاتو سندھ اور خیبر پختونخوا میں بھی میٹروٹرین چلائینگے۔ شہباز شریف نے آزمائشی سروس کے آغاز پر خوشی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی رکاوٹیں کھڑی نہ کرتی تو لاکھوں شہری ٹرین پر سفر کر رہے ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو اب 2018 کے الیکشن میں پی ٹی آئی کے جہاز کو ڈبونا ہے، نیازی لاکھ برا چاہے تو کیا ہوتا ہے ، وہی ہوتا ہے جو منظور خدا ہوتا ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ میں نے مختلف منصوبوں میں عوام کے اربوں روپے بچائے، میں نے اربوں روپے بچائے ہیں تو اس کی تعریف تو کردو، اورنج ٹرین لے گئی بازی، تکلیف میں ہے نیازی۔ انہوں نے کہا کہ یہ عام آدمی کا منصوبہ ہے لیکن پی ٹی آئی کی وجہ سے اس منصوبے میں بے پناہ تاخیر ہوئی، قوم پی ٹی آئی سے اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے میں تاخیر کا بدلہ لے گی، میں عمران خان کی طرح عوام سے جھوٹ نہیں بولوں گا، ساڑھے تین ماہ میں عوام اورنج ٹرین میں سفر کریں گے۔ شہباز شریف نے سابق صدر آصف علی زرداری پر بھی تنقید کی اور کہا کہ زرداری بھی اب مداری بن کر آرہا ہے، بنی گالہ اور بلاول ہاؤس ہم نوالہ و ہم پیالہ ہیں، کام انھوں نے اپنے صوبوں میں نہیں کیا اور کہتے ہیں شہبازشریف خطرناک ہیں۔ قبل ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے اسلام پارک کے اسٹیشن سے میٹرو ٹرین کا فیتہ کاٹ کر افتتاح کیا اور اسی اسٹیشن سے ٹرین پر سوار ہوئے۔ افتتاحی تقریب میں چین کے قونصل جنرل، وزرا اور اراکین اسمبلی بھی موجود تھے۔ حکام کے مطابق مواصلات کے اس جدید ، تیزرفتار ، آرام دہ اور محفوظ ذریعے سے روزانہ تقریباً 2 لاکھ 25 ہزار مسافر سفر کریں گے اور ڈھائی گھنٹے کا سفر صرف 45 منٹ میں طے کریں گے۔