کراچی میں 15 گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ، کے الیکٹرک کی تردید

May 17, 2018

کراچی کے مختلف علاقوں میں بجلی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 8 گھنٹے سے تجاوز کرکے 15 گھنٹے تک پہنچ گیا، کے الیکٹرک نے پندرہ گھنٹے لوڈشیڈنگ کی خبروں کی تردید کردی۔

ذرائع کے مطابق بجلی کی طلب 2900 اورسپلائی 2500 میگاواٹ ہے۔

لوڈشیڈنگ سے متاثرہ علاقوں میں لیاقت آباد،اورنگی ٹاؤن،فیڈرل بی ایریا، گلشن اقبال،ناظم آباد صفورا گوٹھ،اسکیم 33 اور مسلم ٹاؤن شامل ہیں جہاں بجلی کی طویل بندش جاری ہے۔

سعدی ٹاؤن،نارتھ ناظم آبا،بلدیہ ٹاؤن،کھارادر،لیاری،نیوکراچی ، نارتھ کراچی اورسرجانی ٹاؤن میں بھی بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔

کورنگی،شاہ فیصل بلوچ کالونی،محمودآباد میں بھی بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جبکہ ابوالحسن اصفہانی روڈ کے علاقوں میں بھی بجلی کی طویل بندش سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

15 دن گزرنے کے باوجود بن قاسم پاورپلانٹ میں فنی خرابی دور نہیں کی جا سکی۔

کے الیکٹرک کے ترجمان نے کراچی میں پندرہ گھنٹے کی لوڈشيڈنگ کی خبروں کی تردید کی ہے ، ترجمان کے مطابق شہر میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نہیں کی جارہی ، ایک یونٹ پرکام کے باعث مستثنیٰ علاقوں میں عارضی طور پر اعلانیہ لوڈ مینجمنٹ ہے، مستثنیٰ علاقوں میں لوڈ مینجمنٹ کا دورانیہ 2سے 3 گھنٹے ہے،لوڈ مینجمنٹ میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔