کراچی میں1500 سے زائد گاڑیاں چھیننے والا کارلفٹر گرفتار

May 17, 2018

کراچی کے علاقے کینٹ اسٹیشن کے قریب سے پولیس نے1500 سے زائد گاڑیاں چھیننے اور خریدنے والے کارلفٹر کو گرفتار کرلیا۔

اینٹی کار لفٹنگ سیل پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ کینٹ اسٹیشن کے قریب چھینی و چوری کی جانے والی گاڑیاں خریدنے والا کارلفٹر موجود ہے، پولیس نے چھاپہ مارکر ملزم قطب الدین مندرانی عرف حاجی پاکستانی کو گرفتار کرلیا ۔

ایس ایس پی اینٹی کار لفٹنگ سیل اسد رضا نے اپنے دفتر میںمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ملزم2002ء میں اپنے والد صدر الدین کے ساتھ کار لفٹنگ کی وارداتوں میں جعفر آباد جھٹ پٹ تھانے کی حدود میں گرفتار ہوچکا ہے۔

ملزم نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ کراچی میں اس کے کارندے موجود ہیں جو گاڑیاں چھین کر یا چوری کرکے بلوچستان پہنچتے ہیں جہاں ان کی مسروقہ جس کی اصل قیمت 20لاکھ روپے ہوتی ہے انھیں 2 سے 3لاکھ روپے میں خرید کر ان کے جعلی کاغذات اور انجن اور چیسز نمبر تبدیل کرکے دوسرے شہروں میں فروخت کرتے ہیں ۔

ملزم نے چند سالوں میں کراچی سے چھینی و چوری کی جانے والی1500 سے زائد مسروقہ گاڑیاں کار لفٹروں سے خرید کر فروخت کرچکا ہے۔ پولیس نے ملزم کا اعترافی ویڈیو بیان بھی میڈیا کو دکھادیا ہے۔