وزیراعظم کی سبیکا شیخ کے گھر آمد، اہلخانہ سے تعزیت

May 20, 2018

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی امریکی ریاست ٹیکساس میں فائرنگ سےجاں بحق ہونے والی پاکستانی طالبہ سبیکا شیخ کے گھر پہنچے اور ان کے والد عبدالعزیز شیخ سے تعزیت کی جبکہ گورنر سندھ محمد زبیر بھی ان کے ہمراہ تھے۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ سبیکا ایک شاندار طالبہ تھیں اور پوری قوم ان کی ناگہانی موت پر غم زدہ ہے جبکہ دہشت گردی کسی ایک ملک یا خطے کا مسئلہ نہیں بلکہ پوری دنیا اس سے متاثر ہے۔

سبیکا کے والد عبدالعزیز شیخ کا کہنا تھا کہ سبیکا3 بہنوں میں سب سے بڑی لیکن بھائی سے چھوٹی تھیں اور 9 جون کو واپس گھر آرہی تھیں۔

انہوں نے بتایا کہ ٹیکساس کے اسکول میں فائرنگ کی خبر ملتے ہی میں انہیں فون کرتا رہا اور واٹس ایپ پر پیغام بھیجا جبکہ میری بیٹی نے اس سے پہلے کبھی بھی جواب دینے میں دیر نہیں لگائی تھی۔

انہوں نے کہا کہ وہ ابھی سکتے کے عالم میں ہیں۔

سبیکا شیخ نے کراچی پبلک اسکول سے میٹرک مکمل کیا اور وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق سبیکا شیخ سینٹافے اسکول میں دیگر طالب علموں کے لیے مثالی تھیں۔

یاد رہے کہ 2روز قبل امریکا کے شہر ہیوسٹن کے ایک ہائی اسکول میں فائرنگ کے نتیجے میں10 افراد جاںبحق ہوئے تھے جس میں17 سالہ پاکستانی طالبہ سبیکا شیخ بھی شامل تھیں۔