فورٹ منرو تحصیل ہسپتال پاک فضائیہ چلائے گی،پنجاب حکومت سے معاہدہ

May 21, 2018

لاہور (جنرل رپورٹر )صدر مسلم لیگ ن اور وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم نے عوامی خدمت کے ریکارڈ قائم کیے،مسلم لیگ ن ملک کی مقبول ترین جماعت ہے جو لوگوں کے دلوں میں بستی ہے،حالیہ ترقی کی ماضی میں مثال نہیں ملتی ،اورنج ٹرین چینی صدر ، وزیر اعظم کا پاکستانی عوام کے لئے تحفہ ہے ، انتخابات میں کوئی جماعت ہمارا مقابلہ نہیں کر سکتی ۔ ان خیا لات کا ظہار انہوں نے سابق رکن صوبائی اسمبلی الیاس خان کی پارٹی میں شمولیت اور چینی وفد سے گفتگو میں کیا۔ شہبازشریف سے چینی وفد نے ملاقات کی جس میں اورنج لائن میٹروٹرین منصوبے کوجلد سے جلد مکمل کرنے پر اتفاق ہوا۔چینی وفد نے اورنج لائن میٹروٹرین کی آزمائشی سروس پرشہباز شریف کو مبارکباد بھی دی۔ اس موقع پر شہبازشریف نے کہا کہ یہ منصوبہ چین کے صدراوروزیراعظم کاپاکستان کے عوام کےلئے تحفہ ہے،منصوبے کی جلد سے جلد تکمیل میرا مشن ہے۔انہوں نےکہا کہ اورنج لائن میٹروٹرین منصوبے میں تاخیر کا ازالہ ہم نے مل کر کرنا ہے،ٹرین کی آزمائشی سروس اہم سنگ میل ہے۔جبکہ صدر نورینکو گروپ نے کہا کہ مجھے شہباز سپیڈ کے عملی مشاہدے سے بہت خوشی ہوئی ،آپ کے کام کرنے کی رفتار حیرت انگیز حد تک غیر معمولی ہے۔ شہباز شریف سے ق لیگ کے سابق رکن اسمبلی الیاس خان اور ان کے ساتھیوں نے شہباز شریف کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا اورن لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر شہباز شریف نےکہاکہ جتنی ترقی حالیہ دور میں ہوئی ہے اس کی مثال نہیں ملتی، مسلم لیگ (ن) ملک کی مقبول ترین جماعت ہے، پارٹی نے عوام کی خدمت کے ریکارڈ قائم کیے ہیں۔ ن لیگ لوگوں کے دلوں میں بستی ہے۔دریں اثناء حکومت پنجاب اور پاک فضائیہ کے درمیان فورٹ منرو تحصیل اسپتال کا معاہدہ طے پا گیا۔وزیراعلیٰ شہباز شریف اور ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے فورٹ منرو تحصیل ہسپتال کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔صوبائی حکومت اور پاک فضائیہ کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے مطابق فورٹ منرو تحصیل اسپتال کا انتظام پاک فضائیہ چلائے گی۔شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ سے مشترکہ تعاون جاری رہتا ہے اور پاک فضائیہ کے تعاون سے فورٹ منرو میں پراجیکٹ سنگ میل ہے۔ایئرچیف مارشل مجاہد خان نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کی بہتری کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گے، جنوبی پنجاب کے دوردرازعلاقوں میں ترجیحی بنیادوں پر کام کریں گے۔سربراہ پاک فضائیہ نےکہا کہ فورٹ منرو تحصیل اسپتال کا یہ بہترین قدم ایئرفورس پر اعتماد کا اظہار ہے۔ڈیرہ غازی خان میں صحت کے مسائل کے حل کے لیے ہسپتال اچھی کاوش ہو گی۔علاوہ ازیں شہبازشریف تاندلیانوالہ کے نواحی گائوں کنجوانی455گ ب میں مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی رجب علی بلوچ مرحوم کی رہائش گاہ گئے۔ شہبازشریف نے رجب علی بلوچ کے کے بھائی علی گوہر بلوچ، مرحوم کی والدہ ماجدہ اور اہل خانہ سے سے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے رجب علی بلوچ مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی۔وزیر اعلیٰ نے بعد ازاں مرحوم کی رہائش گاہ سے ملحقہ ڈیرے پر پاکستان مسلم لیگ (ن) مقامی رہنمائوں اور کارکنوں اور مقامی عمائدین سے ملاقات کے علاوہ مختصر خطاب بھی کیا۔