انتخابات میں دھرنے والوں کا دھڑن تختہ ہوگا، سابق وزیراعظم، نواز شریف سے وزیراعظم اور شہبازشریف کی ملاقات، بھرپور الیکشن لڑنے کا فیصلہ، عمران پہلے خیبرپختونخوا کا حساب دیں،امیرمقام

May 21, 2018

لاہور (نمائندہ جنگ؍ نیوز ایجنسیز) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف سے رائیونڈ میں ملاقات کی وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف بھی اس موقع پر موجود تھے۔ جبکہ اس موقع پر اہم نوعیت کا پارٹی اجلاس بھی ہوا جس میں عام انتخابات2018 میں بھرپور الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ تمام تر توانائیاں مسلم لیگ ن کیخلاف استعمال کی جارہی ہیں لیکن 2018 ء انتخابات میں دھرنے والوں کا دھڑن تختہ ہوگا، مسلم لیگ ن کا نعرہ ووٹ کو عزت دو ہی ہو گا۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ دوبارہ اقتدر میں آ کر پورے ملک کو یکساں ترقی کی راہ پر گامزن کر دیں گے ۔ وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ کہ اداروں کے درمیان محاذ آرائی نہیں چاہتے، ماضی میں بھی تمام کیسز میں سرخرو ہوئے، اب بھی ہونگے۔حمزہ شہباز اور سلمان شہباز بھی اس موقع پر موجود تھے۔ دریں اثناء اتوار کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ عمران خان کا 100روزہ پلان محض الفاظوں کا گورکھ دھندا ہے، 90یوم میں تبدیلی کا دعویٰ خیبر پختونخوا کے عوام کو یاد ہے، عوام ان 90دنوں کا بھی حساب مانگ رہے ہیں، عمران پہلے اس کا جواب دیں، عمران نیازی کی حکومت خیبر پختونخوا میں مکمل طور پر ناکام ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے قول و فعل میں تضاد پوری قوم کے سامنے ہے، خیبر پختونخوا کی حکومت نے ریکارڈ قرضے لیئے ، عمران خان کی سیاست اور ایجنڈے کا آج تک پتہ نہیں لگ سکا، عمران خان صوبے میں کوئی ایک بھی قابل ذکر کارنامہ انجام نہیں دے سکے۔