تجاوزات کیخلاف آپریشن ،ہائوسنگ سوسائٹی حکام نےدرجنوں درخت کاٹ دیئے

May 23, 2018

اسلام آباد( جنگ نیوز)سی ڈی اے کی ہدایت پر ایف ای سی ایچ سوسا ئٹی سیکڑ E-11/2 گرین ایریا میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران سوسائٹی کے ذمہ داروں نے لاپرواہی اور غیر دانشمندی کا ثبوت دیتے ہوئے کئی درجن درخت جس میں پھل دار درخت بھی شامل تھے کاٹ دیئے ۔سٹریٹ 91کے رہائشیوں نے پچھلے پانچ سات سال کے دوران نالہ اور گھروں کے درمیان 55 سے 65 فٹ چوڑی گرین بیلٹ کیلئے مخصوص پٹی پر کھائیوں کی بھرائی اور لینڈسکیپنگ کر کے پھلدار اور دوسرے درخت اپنی مدد آپ کے تحت لگائے تھے جبکہ سوساٹئی نے یہاں پر ٹیوب ویل اور سٹور روم بنایا ہوا تھا۔ یہ سوسائٹی کی ذمہ داری تھی کہ وہ اس گرین بیلٹ کی بھرائی اور لینڈ سکیپنگ کرکے درخت لگاتی لیکن پچھلے 8 سال سے یہاں پر ایک پودا بھی نہیں لگایا گیا۔ اب جبکہ سی ڈی اے نے سوسائٹی کی بنائی ہوئی تجاوزات کا نوٹس لیا تو سوسائٹی نے شب و روز محنت اور تیار ہونے والے درجنوں پھل دار اور ہرے درخت کاٹ دیئے ۔ رہائشیوں نے سی ڈی اے اور ماحول کے دوسرے متعلقہ اداروں سے مطالبہ ہے کہ اس حساس معاملے کا نوٹس لیتےہوئے ذمہ داروں کا تعین کرکے قانونی چارہ جوئی کی جائے ۔