کے پی حکومت کا آئندہ مالی سال کا بجٹ پیش نہ کرنے کا فیصلہ

May 23, 2018

خیبرپختون خوا حکومت نے آئندہ مالی سال کا بجٹ پیش نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعلیٰ پرویز خٹک کے ترجمان شوکت یوسفزئی نے بجٹ پیش نہ کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن کے عدم تعاون پر بجٹ پیش نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، نگراں حکومت صوبے کےلیے چار ماہ کا انتظامی بجٹ پیش کرے گی۔

ذرائع کے مطابق حکومت نے ایوان میں عددی اکثریت نہ ہونے کے باعث بجٹ پیش نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ذرائع کے مطابق صوبائی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے ممبران کی تعداد 42 رہ گئی ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبرپختون خوا پرویز خٹک کے ترجمان شوکت یوسفزئی نے جیونیوز سے بات چیت میں تصدیق کی ہے کہ صوبائی حکومت بجٹ پیش نہیں کررہی ۔

انہوں نے بتایا کہ نگراں صوبائی حکومت 4 ماہ کا انتظامی بجٹ پیش کرے گی، شوکت یوسفزئی نے کہا کہ بجٹ پیش نہ کرنے کا فیصلہ اپوزیشن کے عدم تعاون پر کیا۔

ان کا کہناتھا کہ حکومت نے اعلان کیا تھا کہ وہ آئندہ مالی سال کا بجٹ پیش نہیں کرے گی تاہم اپوزیشن نے انتظامی بجٹ پیش کرنے پر اصرار کیا تھا اور یقین دلایا تھا کہ اپوزیشن انتظامی بجٹ کے معاملے پر حکومت کا ساتھ دے گی تاہم اپوزیشن نے ایسا نہیں کیا۔