پیپلز پارٹی عوام کے ووٹوں سے اقتدار میں آئیگی ، سید اقبال شاہ

May 24, 2018

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری سید اقبال شاہ اور سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند جوگیزئی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی عوام کے مسائل حل کرنے پر یقین رکھتی ہے اور عوام کی خدمت کو اپنا ایمان سمجھتی ہے ، کھوکھلے نعروں اور جھوٹے دعوؤں سے کوئی ملک ترقی نہیں کرسکتا اور نہ ہی کوئی تبدیلی آسکتی ہے ، یہ بات انہوں نے بدھ کو پیپلز پارٹی بلوچستان کے میڈیا سیل میں ملاقات کرنے والے کارکنوں کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ، انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں عوام جھوٹے وعدے کرنے اور گالم گلوچ کی سیاست کرنے والوں کو مسترد کردیں گے ، ملک میں احتساب کا عمل ضروری ہے اور پیپلز پارٹی جمہوریت کے ذریعے احتساب پر یقین رکھتی ہے ، انہوں نے کہا کہ پاکستان کو آئین دینے والی جماعت پیپلز پارٹی ہی ملک کو غربت و افلاس اور مسائل کے دلدل سے نکال کر ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کریگی ، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے کارکن ہی پارٹی کا اثاثہ ہیں ، محترمہ شہید بے نظیر بھٹو اپنے کارکنوں کو اپنی طاقت سمجھتی تھیں ، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی اپنے کارکنوں کو اہمیت دیتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ پارٹی کے کارکن بلاول بھٹو زرداری کا پیغام گھر گھر پہنچائیں اور آنے والے انتخابات کی بھر پور تیاریاں کریں ، 2018ء کے انتخابات میں پیپلز پارٹی عوام کے ووٹوں سے اقتدار میں آکر ملک کو بحرانوں سے نکالے گی ۔