چین کا امریکی گاڑیوں کی درآمد پر یکم جولائی سےمحصولات میں کمی کا اعلان

May 24, 2018

بیجنگ (اے پی پی) چین نے کہا ہے کہ وہ امریکا سے گاڑیوں کی درآمد پر عائد محصولات میں یکم جولائی سے کمی کردے گا۔فرانسیسی خبر رساں ادارے کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق چین کی جانب سے گاڑیوں کی درآمد پر عائد محصولات میں کمی کا اعلان دونوں ملکوں پر اعلیٰ سطح کے مذاکرات کے نتیجے میں کیا گیا ہے۔فریقین کے درمیان مذاکرات کے لیے رواں ہفتے بھی مزید وفود کا تبادلہ طے ہے۔چینی منصوبے کے مطابق وہ امریکا سے گاڑیوں کی درآمد پر عائد محصول 25 فیصد سے کم کرکے 15 فیصد کرنے کا ارادہ رکھتا ہے جو ٹرمپ انتظامیہ کی 2.5 فیصد محصول کی خواہش سے کہیں زیادہ ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکی موٹرساز کمپنیاں چین کی جانب سے محصولات کی شرح میں کمی کو مثبت قرار دے رہی ہیں جس سے چینی مارکیٹ میں ان کی گاڑیوں کی فروخت بڑھانے میں مدد ملے گی۔