صنعتی خام مال کی درآمدپرسابقہ فائنل فکسڈ ٹیکس ریجم بحال کیا جائے

May 24, 2018

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق نائب صدر ثاقب فیاض مگوں نے صنعتی خام مال کے درآمدکنندگان کے لیے درآمدی سطح پر فائنل فکسڈ ٹیکس ریجم کے تحت 6فیصد ودہولڈنگ ٹیکس کو کم از کم قرار دینے کو غیر منصفانہ قرار دیتے ہوئے سابقہ فائنل فکسڈ ٹیکس ریجم کو بحال کرنے کامطالبہ کیا ہے۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل سے اپیل میں ثاقب فیاض مگوں نے کہا کہ نئے وفاقی بجٹ19-2018 کی قومی اسمبلی سے منظوری سے پہلے امید کی جارہی تھی کہ ترمیم کے بعد صنعتی خام مال کے درآمدکنندگان کو فائنل فکسڈ ٹیکس ریجم میں بحال کردیا جائے گا لیکن ایسا نہیں کیا گیا جس سے صنعتی خام مال کے درآمدکنندگان میں سخت مایوسی پھیلی ہوئی ہے۔صنعتی خام مال کے درآمدکنندگان اور ریگولردرآمدکنندگان کے ساتھ یکساں سلوک نہ کیا جائے کیونکہ صنعتی خام مال کے درآمدکنندگان صنعتی خام مال درآمد کرتے ہیں لہٰذا اُن پر ٹیکس کا بوجھ بڑھانے سے صنعتی خام مال کی درآمدی لاگت بڑھ جائے گی جس کے نتیجے میں ٹیکسٹائل سمیت دیگر برآمدی صنعتوں کی پیداواری لاگت بھی بڑھے گی ۔سابق نائب صدر ایف پی سی سی آئی نے کہاکہ صنعتی سرگرمیوں اور ملکی برآمدات کو فروغ دینے میں صنعتی خام مال کے درآمدکنندگان کااہم کردار ہے نیز مذکورہ درآمدکنندگان صنعتوں کو خام مال کی فراہمی کا اہم ذریعہ ہیں۔