حق دلانے میں تاخیر پر عدالت نے بزرگ شہریوں سے معافی مانگ لی

May 24, 2018

لاہور(نمائندہ جنگ) لاہور ہائیکورٹ نےمحکمہ ٹرانسپورٹ کے بزرگ پنشنرز کو پوری پنشن ادا کرنے کا حکم دیاہے۔عدالت نے حق دلانے میں تاخیر پر بھری عدالت میں بزرگ شہریوں سے معافی مانگ لی۔ عدالت نے کہا کہ اگر بزرگ شہریوں کو ان کا حق نہیں دینا تو انہیں سرحد پار چھوڑ آئیں،لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شجاعت علی خان نے کیس کی سماعت کی، پچھتر سے اسی سالہ بزرگ شہریوں نے عدالت کو بتایا کہ وہ 1960میں روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن میں بھرتی ہوئے مگر انہیں 1970میں بھرتی تصور کر کے کم پینشن دی جا رہی ہے، عدالت نے محکمہ ٹرانسپورٹ کا موقف مسترد کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ ڈیپارٹمنٹ کے انضمام کے باوجود اگر ایم ڈی عہدے پر موجود ہے تو پینشنرز کو ان کے حق سے کیوں محروم رکھا گیا، عدالت نے کہا کہ باپ دادا کی عمر کے بزرگ شہریوں کو ان کا حق نہ ملنے پر عدالت خاموش نہیں رہ سکتی۔