پاکستان میرے لوگوں سے صحیح سلوک نہیں کررہا، مائیک پومپیو

May 24, 2018

نیویارک (عظیم ایم میاں) امریکی نمائندگان کی امور خارجہ کمیٹی میں نئے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ پاکستان میں میرے لوگوں (امریکی سفارتکاروں) کے ساتھ صحیح سلوک نہیں کر رہا ہے۔ امریکی کانگریس میں شمالی کوریا اور ایران کے حوالے سے ایوان کی فارن افیئرز کمیٹی کی سماعت کے موقع پر کیلی فورنیا سے منتخب ری پبلکن پارٹی کے کانگریس مین ڈانا روہربارکر نے اپنے ریمارکس میں امریکی وزیر خارجہ سے کہا کہ ہمیں دشمنوں کے ساتھ دشمنوں جیسا سلوک کرنا چاہئے۔ انہوں نے ڈاکٹر شکیل آفریدی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جس شخص نے اسامہ بن لادن کی نشاندہی جیسا مفید کام کیا ہے، پاکستان میں اس کو جیل میں سخت ناگوار حالات میں بند رکھا ہوا ہے۔ ایران پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے بلوچوں کی حمایت کیلئے امریکی وزیر خارجہ کی توجہ دلائی۔ ری پبلکن کانگریس مین نے ترکی کے صدر طیب اردگان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ طیب اردگان اب امریکا کے دشمن بنتے جا رہے ہیں، کردوں پر ظلم کر رہے ہیں۔ انہوں نے بھارت اور جاپان کے ساتھ امریکی تعلقات کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ کانگریس مین ڈانا روہرباکر کے ریمارکس کا جواب دیتے ہوئے مائیک پومپیو نے کہا کہ ہم نے پاکستان کو بہت کم فنڈز ریلیز کئے ہیں۔