چین میں قرضہ خوروں کی تصاویر سینما میں دکھائی جا نے لگی

May 24, 2018

بیجنگ ( نیوز ڈیسک ) چین کے ایک صوبے میں قرض لے کر واپس نہ کرنے والے افراد کو شرم دلانے کے لیے ان کی تصاویر اور نام سینما شوز کے دوران نشر کئے جا رہے ہیں ۔چینی صوبے سچوان کی ہیجیانگ کاؤنٹی میں قرض لے کر واپس نہ کرنے والے مرد و خواتین کے نام اور تصاویر سینما شوز سے قبل دکھائے جارہے ہیں تاکہ وہ شرمسار ہوکر اپنا قرض واپس کرنے میں جلدی کریں ۔ اسے ’ریل آف شیم‘ کا نام دیا گیا ہے جس کے شروع میں اینی میٹڈ کارٹون آکر کہتا ہےآؤ دیکھو یہ ہیں لاؤلائی ۔ یہاں لاؤلائی کا لفظ ایسے لوگوں کےلیے استعمال ہوتا ہے جو وقت پر اپنی قرض لی گئی رقم جمع کرنے سے قاصر رہتے ہیں ۔ اس کے بعد سینما اسکرین پر قرض لے کر واپس نہ کرنے والوں کی تصاویر اور نام ظاہر کیے جاتے ہیں ۔ ان افراد میں 26 ایسے بااثر تاجروں کی تصاویر دکھائی گئی ہیں جنہوں نے حکومت سے قرض لے کر اب تک واپس نہیں کیا ہے۔