’اصولوں پر اختلاف کرنا سب کا حق ہے ‘

May 27, 2018

وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ اختلاف کرنا سب کا حق ہوتا ہے لیکن یہ اصولوں پر ہونا چاہیے۔

شاہد خاقان عباسی کا گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جی بی آرڈر پر 7 سے 8 مہینوں سے کام کیا جارہا تھا لیکن آرڈر میں سب سے بڑی رکاوٹ ہماری اپنی حکومت تھی۔

انہوں نے کہا کہ بہت سے لوگ اختیارات کی منتقلی نہیں چاہتے تھے، پاکستان میں جو دیگر صوبوں کو اختیارات حاصل ہیں وہ گلگت بلتستان کو بھی ہیں لیکن مخالفت کیوں کی جارہی ہے اور کون کر رہا ہے اس پر حیران ہوں۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اختلاف رائے اپوزیشن کا حق ہے لیکن یہ اختلاف اصولوں پر ہونا چاہیے،انہوں نے کہا کہ گورنر گلگت بلتستان سے ہی ہوگا اور گلگت بلتستان کو اپنی سول سروس بنانے کی اجازت دے دی گئی ہے، پاکستان کی سول سروس میں بھی گلگت بلتستان کو کوٹہ دیا جائے گا۔

شاہد خاقان عباسی کا مزید کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے چیف سیکریٹری کے پاس تمام ضروری اختیارات ہوں گے، علاقے میں ترقی ہوگی اور عوام کو ان کے حقوق ملیں گے۔