فٹبالر محمد صلاح کا ہم شکل بھی سامنے آگیا۔۔۔۔۔!

June 09, 2018

دنیا بھر میں یہ تاثر عام پایا جاتا ہے کہ ہر انسان کا ایک ہم شکل دنیا میں کہیں نہ کہیں کسی خطے میں ضرور موجود ہے،یہ تاثر چند مثالوں سے بلکل درست بھی لگتا ہے اور بعض ہم شکلوں میں مشابہت دیکھ کر لوگ حیران رہ جاتے ہیں ۔

پاکستان میں بھی ہم شکل افراد کی کئی مثالیں سامنے آچکی ہیں ،لاہورکے عرفان حیدر سندھ کے وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ کے ہم شکل ہیں اور لوگ پہلی نظر میں ان کو مراد علی شاہ سمجھ بیٹھتے ہیں،سابق صدر پر ویز مشرف کے ہم شکل تو جیو ٹی وی کے پروگرام میں باقاعدہ پر ویز مشرف کے کردار میں آتے رہے ہیں جبکہ پنجاب کے سابق وزیر اعلیٰ چوہدری پر ویز الٰہی کے ہم شکل بھی جیو ٹی وی کے پروگرام میں ڈمی چوہدری پر ویز الٰہی کا کردار ادا کرتے رہے ہیں ۔

ایران سے تعلق رکھنے والے رضا پرستیش نامی شخص نےراتوں رات اس لئے شہرت پائی کہ وہ ارجنٹائن کے فٹبالر لیونل میسی کا ہم شکل تھا اور اس کے چرچے اب بھی سوشل میڈیا پر جا ری ہیں اوراپنے وطن ایران میں تو وہ اتنا مقبول ہے کہ اسے دیکھنے والے اسے دیکھ کر دیوانہ وار اس کی جانب لپکتے ہیں اور اس کے ساتھ تصاویر بنوانے والوں کا ہجوم لگ جاتا ہے اور بے چارارضا پرستیش ٹریفک جام کرانے کی پاداش میں ایک دن تھانے میں بھی گزارچکا ہے۔

میسی کے ہم شکل رضا پرستیش کے چرچے ابھی ختم بھی نہ ہو ئے تھے کہ عراق سے تعلق رکھنے والا 20سالہ طالب علم حسین علی نامی نے سوشل میڈیا کی ساری توجہ اپنے جانب کر لی ہے اور وجہ ہم شکل ہونا ہے اور وہ بھی مصراور انگلش فٹبال کلب لیور پول کے فٹبالر محمد صلاح کے۔

حسین علی ہو بہو محمد صلاح کا ہم شکل ہےاور حیران کن مشابہت کی وجہ سے ہر وقت فٹبال مداحوں میں گھرا رہتا ہے اور بعض لوگ اسے محمد صلاح سمجھ کر اس کے ساتھ بڑے شوق سے تصاویر بھی بنواتے ہیں اور مزے کی بات یہ ہے کہ کچھ مداح تو اس سے سوال کر بیٹھتے ہیں کہ اب اس کی انجری کا کیا حال ہے وہ اس کیلئے دل سے دعا بھی کرتے ہیں کہ وہ جلد صحت یاب ہوکر ورلڈ کپ فٹبال میں اپنے کھیل سے شائقین کو محظوظ کرے۔

حسین علی عراق کے ایک فٹبال کلب کی نمائندگی کرتے ہیں اوردلچسپ پہلو یہ ہے کہ وہ اپنی ٹیم میں اسی پوزیشن پر کھیلتے ہیں جس پر محمد صلاح لیور پول اور مصر کی قومی ٹیم کے لئے کھیلتے ہیں۔

بیس سالہ حسین علی کا کہنا ہے کہ وہ محمد صلاح جیسا بن کر عا لمی سطح پر مشہور ہونا چاہتا ہے ،اسی کے لئے سخت محنت کرتا ہے،حسین علی کا یہ بھی کہنا ہے کہ لبنان کے ایک کلب کے خلاف میچ کھیلتے ہو ئے فٹبال شائقین مجھے محمد صلاح سمجھےاور میرے ساتھ تصاویر بنوائیں جس کی وجہ سے میچ میں بھی خلل واقع ہوا،وضاحت کے باوجود کوئی یہ بات تسلیم کرنے کو تیار نہیں تھا کہ میں مصری فٹبالر محمد صلاح نہیں ہوں ۔

حسین کے مطابق اس صورت حال سے اب وہ خود بھی لطف اندوز ہونے لگا ہے اور اس نے لیور پول کی اصل شرٹ خریدکر اپنا ہیئر اسٹائل بھی محمد صلاح جیسا بنالیا ہے لیکن محمد صلاح بہت بڑا کھلاڑی ہے میں اس کا عشر عشیر بھی نہیںالبتہ اس جیسا کھلاڑی بننے کا خواہشمند ضرور ہوں ۔