شیخ رشید کی اہلیت کا فیصلہ سننا بھی گوارا نہیں کیا، مریم نواز

June 13, 2018

سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی اور مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نوازکا کہنا ہے کہ شیخ رشید کی اہلیت سے متعلق آج کے فیصلے کو میں نے سننا بھی گوارا نہیں کیا۔

مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز عام انتخابات کے سلسلے میں اپنے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے سلسلے میں ریٹرنگ آفس گئیں جہاں سے واپسی پر وہ میڈیا سے گفتگو کررہی تھیں کہ ایک صحافی نے شیخ رشید کی اہلیت کے فیصلے پر سوال کیا تو انہوں نے جواب دیا کہ شیخ رشید کی اہلیت سے متعلق آج کے فیصلے کو میں نے سننا بھی گوارا نہیں کیا۔

ان کا کہنا ہے کہ پورے پاکستان کو علم تھا کہ فیصلہ کیا آئے گا، اسی نظام کے لیے نوازشریف آج کھڑے ہوئے ہیں،وہ خود پر اور اپنی بیٹی پر مقدموں کا سامنا کر رہے ہیں۔

مریم نواز کہتی ہیں کہ ٹکٹ دینے کا فیصلہ پارلیمانی بورڈ کا ہے، یہ فیصلہ امیدواروں کا انٹرویو کرکے ہوگا، اوپرسے آئے ہوئے فیصلوں پرٹکٹ نہیں مل رہا،پارلیمانی بورڈ میں تمام صوبوں کی نمائندگی ہے۔

مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ وزیر اعظم کو ٹشو پیپر کی طرح پھینکنے کی روایت کے خلاف ہیں، ایک طرف آمر کے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی اجازت دی گئی، دوسری طرف کروڑوں ووٹ لینے والا نااہل ٹھہرا۔