ملک بھر کی بیوروکریسی تبدیل، چاروں صوبوں کے آئی جیز اور چیف سیکریٹریز بدل دیئے گئے، انتظامی سیکریٹریوں اوروفاقی و صوبائی سطح پر بھی اعلیٰ افسران کے تبادلے

June 14, 2018

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) وفاقی کابینہ نے 25جولائی کو ہونے والے عام انتخابات کے شفاف، آزادانہ اور منصفانہ ماحول میں انعقاد کو یقینی بنا نے کیلئے وفاقی و صوبائی سطح پر اعلیٰ بیوروکریسی اور افسران میں تبادلوں کی منظوری دیدی ہے۔ کابینہ کا اجلاس وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک کی زیر صدارت وزیراعظم آفس میں ہوا۔ کا بینہ نے ملک میں شفاف، آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کو یقینی بنانے کیلئے الیکشن کمیشن اور صوبائی حکومتوں کی مشاورت سے چیف سیکرٹریوں اور آئی جی پولیس تبدیل کردیے ہیں۔ وزیر اعظم آفس کے جاری کردہ بیان کے مطابق اکبر حسین درانی کو چیف سیکرٹری پنجاب، اعظم سلیمان خان کو چیف سیکرٹری سندھ، نوید کامران بلوچ چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا اور ڈاکٹر اختر نذیر کو چیف سیکرٹری بلوچستان مقرر کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر کلیم امام کو آئی جی پولیس پنجاب، امجد جاوید سلیمی کو آئی جی پولیس سندھ، محمد طاہر کو آئی جی پولیس خیبر پختونخواہ اور محسن حسن بٹ کو آئی جی بلوچستان مقرر کیا گیا ہے۔گزشتہ روز نگراں وزیر اعظم جسٹس (ر) ناصر الملک اور چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار رضا کے درمیان ہونے والی ملاقات میں طے پا یا تھا کہ الیکشن کے غیر جانبدارانہ ما حول میں انعقاد کیلئے ضروری ہے کہ چاروں چیف سیکرٹری اور آئی جی پو لیس تبدیل کردیے جائیں۔ رولز آف بزنس کے تحت وفاقی حکومت پابند ہے کہ چیف سیکرٹریوں اور آئی جی پولیس کی تقرری متعلقہ صو بائی حکومت کی مشاورت سے کرے لھذا وزیر اعظم نے بدھ کو چاروں وزرائے اعلیٰ کو اسلام آباد بلو ایا اور مشاورت کا عمل مکمل کیا۔ کابینہ کے اجلاس سے قبل وزیر اعلیٰ پنجاب حسن عسکری رضوی ، وزیر اعلیٰ سندھ فضل ا لرحمنٰ، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ جسٹس(ر) دوست خان اور وزیر اعلیٰ بلوچستان علائو الدین مری نے بدھ کے روز وزیر اعظم جسٹس (ر) ناصر الملک سے وزیر اعظم آفس میں ملاقات کی۔ وزیر داخلہ اعظم خان بھی ملاقات میں مو جود تھے۔ ملاقات میں الیکشن کے پیش نظر چاروں صوبوں میں چیف سیکرٹریوں اور آئی جی پولیس کو تبدیل کرنے پر صلاح مشورہ کیا گیا۔ الیکشن سے قبل یہ پہلی بڑی انتظامی تبدیلی ہے جو عمل میں لائی گئی ہے تاکہ سیا سی جماعتوں کے تحفظات دور کئے جا سکیں۔ موجودہ چیف سیکرٹری اور آئی جی سابقہ حکومتوں کی جانب سے لگائے گئے تھے۔ دوسری جانب اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے بیس افسروں کو تبدیل کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نو ٹیفیکیشن کے مطابق وفاقی سیکرٹری نیشنل ہیلتھ سروسز ، ریگولیشنز اینڈ کو آرڈی نیشن اور پاس کے گریڈ 22کے افسر نوید کا مران بلوچ کو تبدیل کرکے چیف سیکرٹری خیبر پختونخواہ تعینات کیا گیا ہے۔ چیف سیکرٹری سندھ اور پاس کے گریڈ 22کے افسر رضوان میمن کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ چیف سیکرٹری بلوچستان اور پاس کے گریڈ 22کے افسر اورنگزیب حق کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ جوائنٹ سیکرٹری کا بینہ ڈویژن اور پاس کے گریڈ 20 کے افسر جودت ایاز کو تبدیل کرکے چیف کمشنر اسلام آباد لگایا گیا ہے۔ چیف کمشنر اسلام آباد اور پاس کے گریڈ بیس کے افسر آ فتاب اکبر درانی کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔سیکرٹری وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت اور پاس کے گریڈ 22کے افسر اکبر حسین درانی کو تبدیل کرکے چیف سیکرٹری پنجاب لگا یا گیا ہے۔پنجاب میں تعینات پاس کے گریڈ 22کے افسر میجر (ر) اعظم سلیمان کو چیف سیکرٹری سندھ تعینات کیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن میں تعینات پاس کے گریڈ اکیس کے افسر ڈ اکٹر اختر نذیر کو تبدیل کرکے چیف سیکر ٹری بلوچستان لگا یا گیا ہے۔چیف سیکرٹری پنجاب اور پاس کے گریڈ 22 کے افسر کیپٹن (ر) زاہد سعید کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔پنجاب میں تعینات پولیس سروس کے گریڈ اکیس کے افسر محمد طاہر کو آئی جی پولیس خیبر پختونخواہ تعینات کیا گیا ہے۔تقرری کے منتظر پولیس سروس کے گریڈ اکیس کے افسر ڈ اکٹر کلیم امام کو آئی جی پولیس پنجاب تعینات کیا گیا ہے۔آئی جی نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس اور پولیس سروس کے گریڈ 22کے افسر امجد جا وید سلیمی کو آئی جی پولیس سندھ لگا یا گیا ہے۔نیکٹا میں تعینات پو لیس سروس کے گریڈ اکیس کے افسر محسن حسن بٹ کو آئی جی پولیس بلو چستان لگا یا گیا ہے۔نیکٹا میں تعینات پولیس سروس کے گریڈ بیس کے افسر لیفٹنٹ (ر) جان محمد کو تبدیل کرکے آئی جی پولیس اسلام آباد تعینات کیا گیا ہے۔آئی جی پولیس ڈ اکٹر اعظم تیموری کو تبدیل کرکے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔آئی جی پولیس بلوچستان معظم جاہ انصاری کو تبدیل کرکے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔آئی جی پولیس خیبر پختونخواہ اور پولیس سروس کے گریڈ اکیس کے افسر صلاح الدین خان کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔آئی جی پو لیس سندھ اور پولیس سروس کے گریڈ اکیس کے افسر اللہ دینو خواجہ کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن ر پورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔آئی جی پولیس پنجاب اور پولیس سروس کے گریڈ 22کے افسر کیپٹن ( ر) عارف نواز خان کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔