بیٹی کا کاغذات میں ذکر نہیں، عمران صادق و امین نہیں رہے، افتخار چوہدری نے نامزدگی چیلنج کردی

June 14, 2018

لاہور(آئی این پی ) سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری نے لاہور کے حلقہ این اے 131 سے عمران خان کے کاغذات نامزدگی کو چیلنج کرتے ہوئے موقف اپنایا ہے کہ عمران خان نے نکاح کے بغیرٹریسا کیساتھ تعلقات قائم رکھے عمران خان کی ایک بیٹی بھی ہے، جس کا انہوں نے کاغذات نامزدگی میں ذکر نہیں کیا، لہٰذا وہ صادق اور امین نہیں رہے، این اے 131 سے عمران خان کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جائیں۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کے این اے 131 پر کاغذات نامزدگی سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری نے چیلنج کئے، اپنی درخواست میں افتخارچوہدری نے موقف اپنایا کہ عمران خان نے نکاح کے بغیر ٹریسا کیساتھ تعلقات قائم رکھے جبکہ اسلامی معاشرے میں نکاح کے بغیر تعلقات بدکاری کے زمرے میں آتے ہیں۔ چار سو صفحات پر مشتمل درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ عمران خان کی ایک بیٹی بھی ہے، جس کا انہوں نے کاغذات نامزدگی میں ذکر نہیں کیا،لہذا وہ صادق اورامین نہیں رہے، درخواست گزار افتخار چوہدری نے مطالبہ کیا کہ این اے131سے عمران خان کے کاغذات نامزدگی مستردکیے جائیں۔