امریکی صدر نےچینی مصنوعات پر درآمدی ڈیوٹی کی منظوری دیدی

June 19, 2018

کراچی(جنگ نیوز)امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چینی مصنوعات کے خلاف 50 ارب ڈالر مالیت کی درآمدی ڈیوٹی عائد کرنے کی منظوری دے دی ہے اس ڈیوٹی کااعلان امریکی صدر نے اپریل میں کیا تھا۔ دوسری جانب چین نے بھی جوابی قدم اٹھاتے ہوئے امریکا کی34 بلین ڈالر کی تجارتی اشیاء پر درآمدی محصولات کا اعلان کر دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق امریکا نے چین سے درآمد ہونے والی 50 ارب ڈالر کی اشیاء پر 25 فیصد درآمدی ڈیوٹی عائد کی ہے۔ وائٹ ہائوس سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق یہ نئی ڈیوٹی چین کی طرف سے انٹیلیکچوئل پراپرٹی (جملہ حقوق)، ٹیکنالوجی چرانے اور دیگر غیر منصفانہ تجارتی سرگرمیوں کی وجہ سے عائد کی گئی ہے۔امریکی انتظامیہ نے اعلان کیا ہےکہ اگر چین اپنے ان اقدامات سے باز نہیں آیاتو اضافی ڈیوٹی بھی عائد کی جاسکتی ہے۔واضح رہے امریکا کی طرف سے ڈیوٹی عائد کرنے کی کوشش کو چین پہلے ہی تجارتی جنگ کا نام دے چکا ہے۔ اس سلسلے میں چین اور امریکا کے درمیان مذاکرات کے کئی دور بھی ہوئے۔ چین نے بھی جوابی قدم اٹھاتے ہوئے امریکا کی34 بلین ڈالر کی تجارتی اشیاء پر درآمدی محصولات کا اعلان کر دیا ہے۔ امریکا سے چین برآمد کی جانے والی اشیا میں سویا بین، الیکٹرک کاریں اور سمندری خوراک خاص طور پر اہم ہیں۔ بیجنگ حکومت کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے چینی ایکسپورٹ پر عائد کیے جانے والے اضافی محصولات کے جواب میں یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔ چینی حکومت کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ تجارتی جنگ کا قطعاً حصہ نہیں بننا چاہتی لیکن امریکی اقدامات کا بروقت اور مناسب جواب دینا بھی ضروری ہے۔ امریکا اور چین دنیا کے سب سے بڑے تجارتی پارٹنر قرار دیے جاتے ہیں۔