ڈیٹا کبھی لیک نہیں ہوا، ہر الیکشن میں جھوٹے الزام لگتے ہیں، نادرا

June 20, 2018

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) نادرا حکام نے ووٹرز کاڈیٹا لیک کرنے کے الزامات کومسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ووٹرز کا ڈیٹا کسی بھی سیاسی جماعت یا پلیٹ فارم سے شیئر نہیں کیا،نادرا حکام نے شہریوں کا ڈیٹا لیک ہونے سے متعلق تمام الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ادارے کی ساکھ کیلئے جو بھی کرنا پڑا کرینگے۔ گزشتہ روزسلام آباد میں نادرا کے ڈی جی پروجیکٹ ذوالفقارعلی ، طاہر اکرم ڈی جی ایڈمنسٹریشن ، ذوالفقار احمد ڈی جی اسلام آباد ریجن ، ڈی جی آپریشن نادرا بریگیڈیئر (ر) نثار اور ڈائریکٹرلیگل غزالی زاہد نےمشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ایک شہری کا ڈیٹا کسی بھی پلیٹ فارم سے شیئر نہیں کیا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل پروجیکٹ ڈی جی نادرا ذوالفقار علی نے کہاکہ آج تک نادرا کی تاریخ میں کوئی ڈیٹا لیک نہیں ہوا۔ کرپشن پرنکالے گئے سابق افسر سید مظفر کی طرف سے الزامات عائد کیے گئے اور ایک سال پرانی ایک انٹرنل ای میل ایک ٹی وی پر چلائی گئی۔جو ستمبر 2017 کی ہے، جب ووٹر لسٹ تیار ہی نہیں ہوئی تھی، انٹرنل ای میل میں ٹریفک کی نشاندہی کی گئی تھی جسکے حوالے سے اپنی انتظامیہ کو بھی بتا دیا گیا ہے، انہوں نے کہاکہ ہم پر الزام لگایا گیا ہے کہ دوہری شہریت کے حوالے سپریم کورٹ سے تفصیلات کو چھپایا گیا ہے جبکہ ہم نے مکمل تفصیلات سپریم کورٹ کو فراہم کر دی ہیں، جس پر سپر یم کورٹ نے ہماری کاوشوں کو سراہا ہے،ذوالفقار علی نے کہا کہ انٹرنیٹ ووٹنگ کی پریذنٹیشن خود سید مظفر علی دینے گئے تھے۔ ماضی میں بھی ایسا ہوتا رہا ہے، الیکشن کے وقت جھوٹے الزامات لگائے جاتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ جتنے بھی دوہری شہریت والے ادارے میں ہیں، ان سے متعلق عدالت کو بتایا گیا۔دوہری شہریت کیس میں سپریم کورٹ نے ہمارے اقدامات کو سراہا، اوور سیز ووٹنگ کے بارے میں بھی سپریم کورٹ نے ہمارے ادارے کی تعریف کی۔ڈی جی نادرا نے کہا کہ ہر سال ادارے کا آڈٹ کیا جاتا ہے اور ہم الیکشن کمیشن کو وضاحت دے چکے ہیں کہ کسی ایک بھی شہری کا ریکارڈ کسی کے ساتھ شیئر نہیں کیا گیا۔ ادارے کی ساکھ کیلئے جو بھی اقدامات اٹھانے پڑے اٹھائیں گے۔