ٹیل کے زمینداروں کو پانی کی فراہمی یقینی بنائی جا ئے،سندھ آباد گار بورڈ

June 22, 2018

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) سندھ آباد گار بورڈ اتحاد کے صدر نواب زبیر تالپور نے کہا ہے کہ سندھ میں پانی کی سخت قلت ہے جس کے سبب لاکھوں ایکڑ زمین بنجر بن گئی ہے۔ وہ پر یس کلب حیدرآبادمیں پر یس کانفرنس کررہے تھے۔ اس موقع پر سینئر نائب صدر میر ظفراللہ تالپور اوردیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں پا نی کی کمی کے باعث سندھ کی لاکھوں ایکڑ زمین بنجر بن گئی ہے، میویشیوں کیلئے بھی پانی نہیں مل رہا، ارسا کی غلط پالیسوں کے باعث سندھ میں پانی کا بحران پیدا ہوا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کو آفت زدہ قرار دیگر تمام قسم کے زرعی ٹیکس معاف کئے جائیں، سپریم کورٹ کے احکامات کو نظر انداز کرکے شوگر مل مالکان نے زمینداروں کوگنے کا فی من نرخ 160روپے ادا نہیں کیا جبکہ کین کمشنر سندھ نے تمام شوگر ملز کو نومبر کا سرٹیفیکٹ جاری کیا تھا، اسی جعلی سرٹیفیکٹ کے باعث شوگر مل مالکان نے اربوں روپے کی سبسڈی حاصل کی ہے جبکہ شوگر ملیں نومبر کے بجا ئے جنوری اور فروری میں چلا ئی گئی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ شوگر مل مالکان کی طرف زمینداروں کے 8 ارب روپے بقایا جا ت ہیں جواب تک ادا نہیں کئے گئے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ٹیل کے زمینداروں کو پانی کی فراہم کو یقینی بنایا جا ئے اور سندھ کو بنجرہو نے سے بچایا جائے۔