شدید بارشوں سے ممبئی میں پل ٹوٹ گیا، 6 افراد زخمی

July 03, 2018

بھارت کے شہر ممبئی میں شدید بارشوں کے باعث پل ٹوٹنے سے 6 افراد زخمی ہوگئے، ممبئی میں گزشتہ روز سے جاری شدید بارش نے تباہی مچارکھی ہے۔

ممبئی کے علاقے اندھیری کے ریلوے اسٹیشن کے نزدیک واقع قدیم پل بارش کے باعث ٹوٹ گیا جس کے نتیجے میں 6 افراد زخمی ہو گئے۔

زخمیوں کو طبی امداد کے لیے فوری طور پر مقامی اسپتال منتقل کیا گیا، ڈاکٹروں کے مطابق دو زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔

گرنے والا پل ریلوے لائنوں کے اوپر سے گزرتا تھا اور لوگوں کی آمد و رفت کا ذریعہ بھی تھا جس کا ملبہ ہٹانے کا کام شروع کردیا گیا ہے۔

ممبئی میں بارشوں کے باعث پروازیں اور ٹرینوں کی آمدورفت بھی متاثر ہوئی ہے۔