دستر خوان

July 04, 2018

آج جب انسان مشینی دور میں زندگی گزار رہا ہے، جہاں اس کے رہن سہن سے لے کر بول چال تک سب کچھ بدل چکا ہے۔ ہر کام میں وقت کی بچت کرنے کی کوشش کی جاتی ہے، ہر چیز تیار شدہ دست یاب ہے، یہاں تک کہ پکوان بھی تیار شدہ مل جاتے ہیں مگر جو بات اور ذائقہ گھر کے کھانوں کی ہے وہ بازار کے تیار شدہ کھانوں میں بھلا کہاں؟ وادیٔ مہران اپنی قدیم تہذیب اور ثقافت کے باعث جانی جاتی ہے، اس کے پکوان بھی ذوق و شوق سے کھائے جاتے ہیں۔’’دسترخوان ‘‘پر آپ سندھی پکوان کی تراکیب ملاحظہ کریں اورانہیں پکا کر خود بھی کھائیں ، دوسروں کو بھی کھلائیں۔اس ہفتے ’’سالن والی رہو مچھلی‘‘ پکائیں گے۔

اجزا:مچھلی ایک کلو، نمک حسب ضرورت، پسی ہوئی لال مرچ حسب ضرورت، میتھی دانہ دو کھانے کے چمچ، ادرک، لہسن کا پیسٹ ایک پیالی، پسا ہوا دھنیا چار کھانے کے چمچے، ہلدی ایک چائے کا چمچ،پسی ہوئی پیازتین عدد، دہی ایک پاؤ، گھی حسب ضرورت۔

ترکیب:گھی گرم کر کے اس میں میتھی دانہ ،تمام مسالے ، دہی اورایک پیالی پانی شامل کرکےخوب بھونیں۔ جب مسالہ اچھی طرح بھن جائے اور سوندھی سوندھی خوش بو آنے لگے تو مچھلی کے قتلے ڈال کر پکائیں، لیکن خیال رکھیں کہ چمچ اس طرح نہ چلائیں کہ قتلے ٹوٹ جائیں۔ مزیدار رہو مچھلی کا سالن تیار ہے ۔

اگر آپ کے پاس سندھی کھانوں کی تراکیب ہیں تو ہمیں ارسال کیجیے۔ ہم آپ کے نام سے شائع کریں گے۔

(پھول جعفری، ماتلی)