کراچی: فیکٹری میں لگی آگ شدید ہو گئی، 6 فائر فائٹرز زخمی

July 05, 2018

کراچی کے سائٹ ایریا کی فیکٹری میں لگی آگ شدت اختیار کرگئی، آگ بجھانے کے دوران فیکٹری کا ایک حصہ گرنے سے پہلے 2 فائٹرز زخمی ہوئے تھے، آگ بجھانے کےدوران مزید 4فائر فائٹرزخمی ہوگئے ہیں۔

فائربریگیڈ حکام کے مطابق زخمی فائر فائٹرز کی تعداد چھ ہو گئی ہے۔

کراچی کےصنعتی علاقے سائٹ ایریا میں ضیاء موڑ کے قریب واقع فوم کی فیکٹری میں صبح سویرے آگ لگ گئی،آگ لگتے ہی فائر بریگیڈ کا عملہ فوری طور پر متاثرہ فیکٹری میں پہنچ گیا جس نے آگ بجھانے کی کارروائی شروع کی۔

علاقہ مکینوں کے مطابق صبح 8بجے لگنے والی آگ پر فائر بریگیڈ نے فوری قابو پالیا گیا تھا، تاہم کچھ دیربعد آگ دوبارہ بھڑک اٹھی جس نے پوری فیکٹری کو لپیٹ میں لے لیا۔

فائر بریگیڈ کے 10 فائر ٹینڈرز اور اسنارکل آگ بجھانے میں مصروف ہیں، آگ دوبارہ بھڑکنے کی وجہ تیز ہواؤں کا چلنا بتایا جارہا ہے جس کی وجہ سے فائر بریگیڈ کے عملے کو بھی دشواری کا سامنا ہے۔

فائر بریگیڈ حکام آگ بجھانے کا حتمی وقت بتانے سے قاصر ہیں، فوری طور پر آگ لگنے کی وجہ اور اس سے ہونے والے نقصان کی تفصیلات بھی سامنے نہیں آئی ہیں۔