راجن پور، صوبائی و قومی اسمبلی کی 8 سیٹوں پر دلچسپ صورتحال

July 11, 2018

راجن پور (نمائندہ جنگ)ضلع راجن پور میں انتخابی مہم دلچسپ مرحلہ میں داخل ہو گئی۔ ووٹر اور سپورٹر وفاداریاں بدلنے لگے۔ تفصیل کے مطابق ضلع راجن پور کی صوبائی و قومی اسمبلی کی کل آٹھ سیٹوں پر مقابلہ کے لئے امیدوار ایڑی چوٹی کا زور لگا رہے ہیں۔ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 193 راجن پور میں پی ٹی آئی کے امیدوار جعفر خان لغاری کا مقابلہ شیر علی خان گورچانی سے ہے۔شیر علی گورچانی ن لیگ کا ٹکٹ واپس کر کے آزاد حیثیت سے جیپ کے نشان پر لڑ رہے ہیں ۔ حلقہ این اے 194راجن پور نمبر2 پر علاقہ کی بزرگ سیاسی شخصیت سردار نصراللہ خان دریشک کا مقابلہ ن لیگ کے ٹکٹ واپس کرکے آزاد حیثیت سے جیپ کے نشان پر الیکشن لڑنے والے سردار ڈاکٹر حفیظ الرحمان خان دریشک سے ہوگا اگرچہ اس حلقہ سے پیپلز پارٹی کے خواجہ کلیم الدین کوریجہ بھی امیدوار ہیں۔این اے 195 میں پی ٹی آئی کے امیدوار سردار ریاض محمود خان مزاری سابق نگران وزیر اعظم پاکستان میر بلخ شیر مزاری کے صاحبزادے ہیں ان کا مقابلہ ن لیگ کے سردار خضر حیات خان مزاری سے ہے ۔ ضلع بھر میں قومی اسمبلی کی سیٹ پر ن لیگ کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنے والے یہ واحد امیدوار ہیں صوبائی حلقہ پی پی 293 پر پی ٹی آئی کے امیدوار سردار محسن خان لغاری اور آزاد حیثیت سے لڑنے والے سردار شیر علی خان گورچانی آمنے سامنے ہیں صوبائی حلقہ پی پی 294 پر پی ٹی آئی کے امیدوار سردار حسنین بہادر خان دریشک صوبائی وزیر جو سردار نصراللہ خان دریشک کے فرزند ہیں کا مقابلہ آزاد امیدوار سردار اطہر حسن خان گورچانی کے والد سردار پرویز اقبال خان گورچانی آزاد امیدوار کا مقابلہ پی ٹی آئی کے امیدوار فاروق امان اللہ خان دریشک سے ہوگا ۔