انتخابات ڈی ریل کرنے کے لئے سازشیں ہورہی ہیں،تحریک انصاف

July 15, 2018

کراچی(اسٹاف رپورٹر)تحریک انصاف کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ انتخابات کو ڈی ریل کرنے کے لئے سازشیں ہورہی ہیں،گزشتہ دنوں ہونے والے دھماکوں پر دکھ ہے،انتخابات کے نزدیک غیرملکی فنڈنگ سے دھماکے کرائے جاتے ہیں،22 جولائی کو تحریک انصاف مزار قائد سے متصل گراؤنڈ ( باغ جناح ) میں جلسہ کرے گی،ان خیالات کا اظہار تحریک انصاف کے رہنماڈاکٹر عارف علوی،عمران اسماعیل اور خرم شیر زمان نے پی ایس 111 کے الیکشن دفتر میں پیپلزپارٹی کے مقامی رہنماؤں کی پی ٹی آئی میں شمولیت کے موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا،عمران اسماعیل نے کہا کہ سیکیورٹی فراہم کرنا دفاعی اداروں کی ذمہ داری ہے،ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان میں چوروں کو وکٹری کا نشان بناتے ہوئے دیکھا ہے۔22 جولائی کو عمران خان کراچی پہنچیں گے ،انہوں نے کہا کہ سب یہی کہے رہے ہیں کہ 25 جولائی کے بعد حکومت تحریک انصاف کی ہوگی،پیپلزپارٹی کے کارکنان کو یقینی آگیا ہے کہ زرداری بھٹو کی پارٹی کو نہیں چلا سکتے،خرم شیر زمان نے کہا کہ پی ٹی آئی کراچی کے تمام حلقوں میں انتخابی مہم چلا رہی ہے ،عوام 25 جولائی کو بلے پر مہر لگا ئیں گے اور کراچی کی اکثریتی جماعت پی ٹی آئی ہوگی۔