عوام ایم ایم اے کو ووٹ دے کر قیام پاکستان کے مقاصد کو پورا کرے، مولانا سجاد

July 19, 2018

برمنگھم(پ ر) مسجد پیغام اسلام کے خطیب مولانا محمد سجاد نے کہا ہے کہ 25جولائی کے الیکشن میں عوام متحدہ مجلس کو ووٹ ڈال کر پاکستان کے قیام کے مقاصد کو پورا کرے۔ علمائے کرام اورائمہ مساجد عوام کی رہنمائی کیلئے مسجد کے پلیٹ فارم سے مجلس عمل کے امیدواروں کی حمایت کیلئے توجہ دلائیں۔ یہ متحدہ فورم مرحوم مولانا احمد شاہ نورانی اور مرحوم قاضی حسین احمد کی کوششوں سے قائم ہوا تھا۔ اسلام پسند قوتوں کے اقتدار میں آنے سےملک میں صحیح معنوں میں انصاف اور امن کے راہ ہموار ہوگی۔ مجلس عمل کے کسی لیڈر کا نام کرپشن کیسز میں شامل نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پانامہ اسکینڈل کی فہرست پر مکمل تحقیقات ہونی چاہئے تاکہ کرپٹ لوگ اپنے انجام تک پہنچ جائیں، ابھی صرف میاں نواز شریف کو سزا ہوئی ہے، سپریم کورٹ ڈیم بنانے کی بجائے عدلیہ کے اندر خرابیوں کو دور کرے۔ جب تک انصاف کے اداروں کی اصلاح اور انصاف نہیں ہوگا۔ دہشت گردوں کو سزائیں نہیں ہونگی عوام کا اعتماد بحال نہیں ہوگا۔ مولانا سجاد نے کہا کہ علمائے کرام عوام کو کرپٹ لیڈروں اور پارٹیوں سے دور رکھیں۔ ان لوگوں نے ملک کو تباہ کیا ہے۔ ہر ادرے اور محکمے میں یہ کرپٹ عناصر مسلط ہیں۔