ساحل سمندر پر سیلیبرٹیز کے گھر

July 22, 2018

’ساحل سمندر پر اک شام‘، اکثر یہ جملہ آپ نےکتابوں، کہانیوں یا شاعری میں پڑھا ہوگالیکن کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ خوبصورت اور فضا مقام پر، جہاں جسم کو آرام، ذہن کو سکون اور روح کو تازگی ملے، وہاں بس ایک ہی شام کیوں؟ ہر دن اور ہررات کیوں نہیں؟ ایسا تو تب ہی ممکن ہے جب ایسے خوبصورت مقام پر آپ کا خوبصورت

گھر ہو ۔ساحل سمندر پر بنائے گئے گھر فطری حسن اور حسین سمندری مناظر کی وجہ سے بے پناہ کشش کے حامل سمجھے جاتے ہیں لیکن ان گھروں کی تعمیرایک عام انسان کیلئے آسان نہیں۔ آپ کے کچھ پسندیدہ سیلیبرٹیز ایسے ہیں جنھوں نے اس خوبصورت خواب کی تکمیل پالی ہے، وہ کون ہیں اور ساحل سمندر پر ان کے گھر کیسے ہیں، آئیے اس بارے میں جانتے ہیں۔

لیونارڈوڈی کیپریو

لیونارڈو ایک فلم کا معاوضہ 20ملین ڈالرلیتے ہیں، ان کی شاہانہ طرز زندگی ان کے مداحوں کے لیےحیرانگی کا باعث نہیں ہونی چاہیے۔ لیونارڈوکے دیگرشاندار گھروں سے آپ متاثر ہوں یا نہ ہوں، لاس اینجلس کےساحلی شہر ملیبومیںواقع’’ ملیبو کاربن بیچ‘‘ سے ضرور متاثر ہوں گے۔ اس بیچ کو ’’بلینئر بیچ‘‘ بھی کہاجاتا ہے، جہاں پر تعمیر کیے گئے تمام گھر شاندار ہونے کے ساتھ ساتھ بہت مہنگے بھی ہیں۔ یہ خوبصورت بیچ ہاؤس 1950ء میں تعمیر کیا گیا تھا۔ اس گھر کو خوبصورت لکڑی کے فرش، Herringbone tile(مستطیل پیٹرن پر جڑے ٹائل ) اور قیمتی شیشوں سے تیار کیا گیا ۔

یہ بیچ ہاؤس1765مربع فٹ پر مشتمل ہے جس میں تین کمرے اور دو بنگلو سائز باتھ روم (جہاں سے بیچ کاخوبصورت منظر بھی دیکھا جاسکتا ہے)موجود ہیں۔ بیچ ہاؤس کو لیونارڈو ڈی کیپریو نے 1998ءمیں اپنی ماں کے لیے خریدا تھا۔ گزشتہ ماہ کی ایک برطانوی رپورٹ کے مطابق لیونارڈو نے اس گھر کو 18سال بعد کرائے پر دینے کا فیصلہ کیا۔

جولیا رابرٹس

آسکر ایوارڈ یافتہ ہالی ووڈ سپر اسٹار جولیا رابرٹس کو ان کے فلمی کیریئر کی وجہ سے تو سب ہی سے جانتے ہیں، تاہم کچھ سال قبل فروخت کیا گیاان کا ’بیچ ہاؤس‘ (جو انتہائی خوبصورت منظر پیش کرتا تھا) شاید ہی آپ کے علم میں ہو۔ جولیا رابرٹس کے اس خوبصورت گھر کو فائی ہاؤس کے طور پر جاناجاتا تھا۔ امریکی ریاست ’ہَوائی‘ میں واقع یہ گھر3800مربع فٹ پر مشتمل ہے۔ ہَوائی ،متحدہ امریکا کی 50 ویں ریاست ہے، جو امریکا کی دیگر ریاستوں سے دور بحر الکاہل کے وسط میں واقع ہے۔ سمندر کنارے بنے اس خوبصورت گھر میں 7 بیڈروم،4باتھ روم اور ایک گیسٹ روم موجود ہے۔ جولیا نے یہ گھر 2011ء میںخریدا تھا، اس گھر کا بیرونی حصہ لال اور سرخ رنگ کی اینٹوں سے تعمیر کیا گیا ہے، جس میں گیلری اسٹائل کچن موجود ہے اور دیوارپر لگی کھڑکیوں سےسمندر کا نظارہ خاصا دلکش محسوس ہوتا ہے۔

سنڈی کرافورڈ

امریکی سپر ماڈل سنڈی کرافورڈ بھی واٹر فرنٹ ہومز (ساحل سمندر پر گھر) رکھنے والی سیلیبرٹیز میں سے ایک ہیں سنڈی دو سالوں میں دو بیچ ہاؤس خرید چکی ہیں، جو لاس اینجلس کے شہر ملیبو میں واقع ہیں۔ سنڈی کے خوبصورت گھر کی تصاویر دیکھ کر محسوس ہوتا ہے کہ یہ گھر سمندر کے پاس نہیں بلکہ سمندر کے بیچوں بیچ موجود ہے۔ سمندر کے کنارے پر فضا مقام پر تعمیرکیا گیایہ بیچ ہاؤس سنڈی کرا فورڈ کی شاہانہ طرز زندگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

ٹام کروز

ہالی وڈ کے معروف اداکار ٹام کروز پُرفضا مقام پر قدرتی خوبصورتی کے حامل گھروں کے شوقین ہیں، جس کا ایک ثبوت ٹام کروز کا امریکا کی مغربی ریاست ٹیلورائڈ میں واقع شاندار گھرہے۔ یہ خوبصورت گھر 10ہزار مربع فٹ پر مشتمل ہے، جس میں4بیڈروم اور تین بڑے گیسٹ روم موجود ہیں۔ ٹام کروز نے یہ گھر بیس سال قبل خریدا تھا جسے اب ہالی ووڈ اسٹار فروخت کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں اور اس کی قیمت 59ملین ڈالر مقرر کی گئی ہے۔