’’مستونگ کے خودکش حملہ آور کی شناخت ہوگئی‘‘

July 19, 2018

آئی جی بلوچستان معظم جاہ انصاری کا کہنا ہے کہ ہم نے مستونگ میں خودکش حملہ کرنے والے کی شناخت کرلی ہے۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے خصوصی اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ خودکش حملہ آور کا نام حافظ نواز ہے اور اس کا تعلق ایبٹ آباد سے ہے۔

آئی جی بلوچستان نے بتایا کہ خودکش حملہ آور ایبٹ آباد سے سندھ گیا جہاں وہ کالعدم تنظیموں سے جڑا، حافظ نواز کا تعلق داعش سے تھا اور وہ لشکرجھنگوی میں بھی رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کا واقعہ داعش کی کارروائی ہے، حملہ آور کے سہولت کاروں کا پتہ چلا لیا گیا ہے۔

آئی جی بلوچستان نے مزید کہا کہ مفتی حیدر اور حافظ نعیم داعش کے مقامی کمانڈر ہیں، جنہیں گرفتار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

آئی جی بلوچستان معظم جاہ انصاری کا یہ بھی کہنا ہے کہ افغانستان میں داعش نے کنٹرول سنبھال لیا ہے اور وہاں سے بلوچستان بھی آگئی ہے۔