امریکا کے ریستوران ’’ٹریولر فوڈ اینڈ بکس‘‘

July 28, 2018

امریکا میں ایک ریستوران ایسا بھی ہے، جہاں ہر کھانا کھانے والے کو ایک کتاب تحفے میں دی جاتی ہے۔ ’’ٹریولر فوڈ اینڈ بکس‘‘ نامی یہ ریستوران 1970 میں قائم کیا گیا تھا، گوکہ 1993ء میں ریستوران کے مالکان نے اسے فروخت کر دیا تھا، مگر نئے مالک نے اس روایت کو ختم نہیں کیا بلکہ اس میں دن بہ دن بہتری لانے کے لیے کوشاں رہا۔ اس کی ایک وجہ یہ ہے کہ غیر آباد علاقے (’آئی 84‘ نامی شاہراہ پر) میں قائم ہونے کے باوجود کتاب بینی کے شوقین افراد یہاں صبح سات بجے سے شام آٹھ بجے تک ذوق و شوق سے آتے ہیں۔

اب تک کُل 25 لاکھ سے زائد کتابوں کا تحفہ صارفین کو دیا جا چکا ہے، جب کہ رستوران کے مالک کا کہنا ہے کہ ’’ ہم ہر ہفتے دو ہزار کتابیں تحفے میں دیتے ہیں، ایک شخص تین کتابیں بھی لے جاسکتا ہے۔ ریستوران میں ہر وقت کم سے کم بھی تقریباً دس ہزار کتابیں ہوتی ہیں‘‘۔یہاں سائنس سے ادب تک ہر موضوع اور عنوان پر کتابیں، لائبریری کی طرح رکھی گئی ہیں۔ نیز رستوران کی دیواروں پر معروف مصنفین کی دستخط شدہ تصاویر بھی آویزاں ہیں۔ کتابیں مختلف لائبریریوں کے پرانے ذخیرے سے حاصل کی جاتی ہیں۔ اس کے علاوہ زیادہ تر کتابیں ان گاہکوں کی ہیں جو خود کتابیں عطیہ کر تے ہیں۔