دستر خوان: سندھی چکن ہانڈی

August 01, 2018

آج جب انسان مشینی دور میں زندگی گزار رہا ہے، جہاں اس کے رہن سہن سے لے کر بول چال تک سب کچھ بدل چکا ہے۔ ہر کام میں وقت کی بچت کرنے کی کوشش کی جاتی ہے، ہر چیز تیار شدہ دست یاب ہے، یہاں تک کہ پکوان بھی تیار شدہ مل جاتے ہیں مگر جو بات اور ذائقہ گھر کے کھانوں کی ہے وہ بازار کے تیار شدہ کھانوں میں بھلا کہاں؟

وادیٔ مہران اپنی قدیم تہذیب اور ثقافت کے باعث جانی جاتی ہے، اس کے پکوان بھی ذوق و شوق سے کھائے جاتے ہیں۔’’دسترخوان ‘‘پر آپ سندھی پکوان کی تراکیب ملاحظہ کریں اورانہیں پکا کر خود بھی کھائیں ، دوسروں کو بھی کھلائیں۔اس ہفتے سندھی چکن ہانڈی پکائیں گے۔

سندھی چکن ہانڈی

اجزاء:چکن ایک کلو ، آلو دو عدد،ادرک، لہسن کا پیسٹ دو کھانے کے چمچے، سرخ مرچ 10عدد، پسی سرخ مرچ ایک کھانے کا چمچ، ثابت دھنیا دو کھانے کے چمچے (موٹا موٹا کوٹ لیں) سونف دو کھانے کے چمچ (موٹا موٹا کوٹ لیں) سفید زیرہ ایک کھانے کا چمچ، نمک حسب ذائقہ، ہلدی آدھا چائے کا چمچ، چھوٹی الائچی 7عدد، پیاز 4عدد، ٹماٹر ایک پائو، دہی ایک کپ، لیموں کا رس دو کھانے کے چمچے، ہرا دھنیا آدھی گٹھی، زردے کا رنگ تھوڑا سا، کوکنگ آئل ایک کپ

ترکیب:چکن اور آلو میں زردے کا رنگ لگا کر 10منٹ کے لیے رکھ دیں۔ مٹی کی ہانڈی میں تیل گرم کر کے دو پیاز گولڈن برائون کر کے نکال لیں اور کوٹ کر رکھ لیں۔ اب اسی تیل میں چکن اور آلو فرائی کریں اور اس میں ادرک، لہسن کا پیسٹ، پسی ہوئی سرخ مرچ، لیموں کا رس، ثابت مرچ، ثابت دھنیا، سونف، سفید زیرہ، نمک، ہلدی، چھوٹی الائچی دو عدد، پیاز اور ٹماٹر ڈال کر اچھی طرح ملالیں اور ہلکی آنچ پر 20منٹ تک پکائیں۔ اب اس میں برائون پیاز کا چورا اور دہی ڈال کر تیز آنچ پر بھون لیں۔ جب تیل اوپر آ جائے تو ہرا دھنیا ڈال کر اتار لیں اور گرما گرم نان کے ساتھ پیش کریں۔ (شاہین ولی دلشاد، کراچی)