ایئر ہوسٹس ماں کی آخری فلائٹ بیٹی نے اڑائی

August 01, 2018

Your browser doesnt support HTML5 video.


بھارت میں ایئر انڈیا کی خاتون پائلٹ نے اپنی ایئر ہوسٹس ماں کی ریٹائرمنٹ سے قبل آخری فلائٹ اڑا کر اسے شاندار فیئر ویل دی۔

ایئر انڈیا میں ایئر ہوسٹس کے طور پر 38 سال کام کرنے کے بعد 31 جولائی کو اپنی آخری پرواز پوری کرنے کے بعد پوجا چنچنکر اپنے آنسو نہیں روک پائیں جب ممبئی سے بنگلورو کے درمیان ان کی آخری فلائٹ کی ذمہ داری ان کی ہی بیٹی اشرتا نے سنبھالی تھی۔

فلائٹکے ٹیک آف سے قبل ایئر ہوسٹس پوجا کیلئے مسافروں نے جم کر تالیاں بجائیں اور ان کا استقبال کیا۔ اڑان کے دوران اعلان میں پوجا کی خدمات کیلئے ان کا شکریہ بھی ادا کیا گیا۔

اشرتا 30جولائی سے ہی اس پرواز کے بارے میں ٹوئٹر پر لکھ رہی تھیں۔ ان کے ٹوئٹ وائرل ہو گئے جس کے بعد لوگوں کی بڑی تعداد نے ماں بیٹی کیلئے پیار بھرے پیغام لکھے۔

اشرتا نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ' میری ماں کا خواب تھا کہ ایئر ہوسٹس کے طور پر میں ان کی آخری پرواز کی پائلٹ بنوں اور 38 سالوں کی بہترین خدمات کے بعد جب وہ ریٹائر ہوں گی تو میں ان کی وراثت کو آگے بڑھاؤں۔


ایئر انڈیا کے ترجمان نے بتایا کہ یہ محض ایک اتفاق ہوا ہے کہ اشرتا وہ طیارہ اڑا رہی تھیں جو ان کی ماں کی الوداعی پرواز تھی۔

اس موقع پر ایئر انڈیا نے اشرتا کیلئے ٹوئٹر پر لکھا، کہ اس خاص پرواز کیلئے آپ کو اور آپ کی ماں دونوں کو ہماری طرف سے خاص مبارکباد قبول ہو۔