اینٹی اکسیڈنٹس: چہرے کیلئے انتہائی اہم

August 04, 2018

جلد کی حفاظت انتہائی نازک معاملہ ہے، جو ہر وقت خواتین کی توجہ چاہتا ہے۔ ایسا نہیں ہوسکتا کہ ایک ہفتہ جلد کا خیال رکھ کر یہ سمجھ لیا جائے کہ اب یہ خراب نہیں ہوگی اور اس کے بعد اسے فطرت کے حوالے کردیا جائے۔جلد ہمارے جسم کا سب سے بڑا حصہ ہے، اس لیے ضروری ہے کہ اس کا پوری طرح سے خیال رکھا جائے۔ جلد کی حفاظت میں اینٹی آکسیڈنٹس اہم کردار ادا کرتے ہیں ۔ یہ جلد میں فری ریڈیکلز کی پیداوار کو روکتے ہیں جو جلد کے خلیوں کو نقصان پہنچانے کا باعث بنتے ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ جلد کو خوبصورت اور صحت مندبنانے کے لیے اسکن کیئر پراڈکٹس میں ان کا استعمال کیا جاتا ہے۔ قدرتی ذرائع سے حاصل ہونے والے یہ اینٹی آکسیڈنٹس، جلد کی سوزش ،جلد پر عمر کے اثرات کو کم کرنے اورجلد کو لچکدار بنانے کا کام کرتے ہیں۔

اینٹی آکسیڈنٹس کے فوائد

سوزش کو ختم کرتے ہیں :اینٹی آکسیڈنٹس دوران خون اور میٹابولزم کے عمل کو بڑھا کر جلد کی سوزش کوکم کرتے ہیں ۔ سوزش کم ہونے سے جلد نا صرف ہموار ہوتی ہے بلکہ جُھریوں اورایکنی سے بھی محفوظ رہتی ہے۔

جلد میں کھنچائو پیدا کرتے ہیں :اینٹی آکسیڈنٹس جلد کو سخت اور جوان رکھتے ہیں۔ یہ جلد سے بڑھتی عمر کے اثرات کو ختم کرکے اس کو لچکدار بنانےکے ساتھ اس کی نمی بھی برقرار رکھتے ہیں۔ کو اینزائم کیو -10جلد کو سخت بناتا ہے، اس کا استعمال آنکھوں کی کریمز میں ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ جلد کو سخت بنانے کے لیے ایسا موائسچرائزر استعمال کریں، جس میں کو اینزائم کیو -10موجود ہو ۔

جُھریوں کو کم کرتے ہیں:یوں تو جھریوں کا ختم ہونا ناممکن ہوتا ہے لیکن اسکن پراڈکٹس میںاینٹی آکسیڈنٹس کی موجودگی جلد کو اُبھار کر اسے جوان بناتے ہیں۔ زیادہ تر اینٹی آکسیڈنٹس جُھریوں اور لکیروںکو کم کر تے ہیں لیکن وٹامن سی اور ای اس کے لیے بہت زیادہ مفید ہے۔ بہت سی اسکن پراڈکٹس اور آئی کریمز میں ان وٹامنز کا استعمال ہوتا ہے۔

نشان ختم کرنے کے لیے:اینٹی آکسیڈنٹس جلد پر پڑے نشان مٹانے کا اہم کام بھی انجام دیتے ہیں۔ یہ نشان الگ سیلز سے بنے ہوتے ہیں، اس وجہ سے الگ ہی نظر آتے ہیں۔ بہت سے اینٹی آکسیڈنٹس جن میں ایک ایلیئم بھی ہے ( جو ایلوویرا اور پیاز کے رس میں پایا جاتا ہے) نشانوں کی طرف دوران خون کو تیز کرتے ہیں جن سے یہ نشان ہلکے ہوکر جلد کی رنگت میں ہی مل جاتے ہیں ۔ نشانوں کو ختم کرنے کے لیے استعمال ہونے والے جیل اور کریموں میں اینٹی آکسیڈنٹس کا استعمال کیا جاتا ہے۔

دھوپ کے نقصان سے بچاتے ہیں:ہم سب جانتے ہیں کہ تیز دھوپ ہماری جلد کے لیے نقصان دہ ہے۔ تیز دھوپ جلد کو خشک کرکے اس کے خلیوں کو نقصان پہنچاتی ہے۔ اینٹی آکسیڈنٹس خون میں شامل ہوکرنئے سیلز بنانے میں مدد دیتے ہیں،جو دھوپ سے پہنچنے والے نقصان کا ازالہ کرکے جلد کو جوان بناتے ہیں۔ بہت سے کلینزر اور موائسچرائزر میں شامل اینٹی آکسیڈنٹس، سورج سے پہنچنے والے نقصان کے علاج میں کارآمدثابت ہوتے ہیں۔

اینٹی آکسیڈنٹس کے ذرائع

زیتون کا تیل:زیتون کا تیل اینٹی آکسیڈنٹس کا خزانہ ہوتا ہے اور یہ وٹامن اے اور وٹامن ای سے بھرپور ہوتا ہے۔ یہ دھوپ، آلودگی اور دھوئیں کی وجہ سے جلد کو پہنچنے والے نقصان کو صحیح کرکے اسے خوبصورت بناتا ہے۔ توانائی بخش یہ تیل، جس طرح اندرونی طور پر جسم کے لیے فائدہ مند ہے، اسی طرح جلد کی حفاظت کے لیے بھی نہایت مفید ہے۔ زیتون کا تیل لاتعداد خصوصیات کی بناء پر کئی طرح سے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ زیتون کا تیل اچھا موائسچرائزر بھی ثابت ہوتا ہےکیونکہ یہ جلد میں گہرائی تک جذب ہوجاتا ہے۔

جلد کو نمی فراہم کرنے کے لیے جلد کی حفاظت کرتا ہےاور اسے نرم و ملائم رکھتا ہے۔ زیتون کا تیل ایکس فولی ایٹر بھی بہت اچھا ہوتا ہے۔پرانے زمانے میں لوگ اپنی خوبصورتی کو بڑھانے کے لیے زیتون کے تیل کا استعمال کرتے تھے، جس کی وجہ سے ان کی جلد بڑھتی عمر میں تروتازہ رہتی تھی۔ اگر آپ کی جلد خشک ہے تو زیتون کے تیل میں سمندری نمک ملا کر چہرے پر ملیں۔ یہ ایکس فولی ایٹر جلد کے ان حصوں پر لگائیں، جو حصے خشکی سے متاثر ہیں، اس طرح پرانی خشک جلد کی جگہ نئی جلد آجائے گی۔

سبز چائے:گرین ٹی میں وافر مقدار میں کیٹ چن ہوتی ہےجو جلد پر اینٹی آکسیڈنٹ، اینٹی انفلیمیٹری اور اینٹی ایجنگ اثرات مرتب کرتی ہے۔ گرین ٹی جلد کی سطح کو موٹا کرنے میں مدد دیتی ہے۔ یہ زخموں کو تیزی سے بھرنے اور ہموار کرنے میں مددگار ہوتی ہے۔ تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ ایسا لوشن یا سیرم (جس میں گرین ٹی شامل ہو) باہر دھوپ میں نکلنے سے30منٹ پہلے لگالیا جائے تو دھوپ سے جلد کو کوئی نقصان نہیں پہنچے گا۔ اگر آپ کئی گھنٹوں کے لیے باہر جائیںتو سن اسکرین کے ساتھ گرین ٹی ملا کر چہرے پر لگائیں۔

ہلدی:ہلدی کا استعمال مصالحہ کےطور پر کیا جاتا ہے لیکن اس میںوافر مقدار میں اینٹی آکسیڈنٹ کرسومن موجود ہوتاہے۔ تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ متاثرہ جلد پر ہلدی کا استعمال ناصرف جلد کو صحت یاب کرتا ہے بلکہ اس پر پڑجانے والے سیاہ نشان بھی ختم کرتا ہے۔ اپنے کھانے، سبزی اور سوپ میںہلدی کا استعمال کریں، اس کے علاوہ اسے دودھ کے ساتھ پکا کر پئیں۔ آپ ادرک اور ہلدی کی چائے بنا کر بھی پی سکتے ہیں۔