قومی اور خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس پیر 13 اگست کو طلب

August 10, 2018

اسلام آباد (ایجنسیاں )قومی اور خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس پیر13اگست کو طلب کرلیاگیا۔تفصیلات کے مطابق نگراں وزیراعظم جسٹس ریٹائرڈ ناصر الملک نے قومی اسمبلی کا پہلا اجلاس 13 اگست کو بلانے کی سمری صدر مملکت کو بھجوادی ہے۔ سمری میں نئی اسمبلی کا اجلاس 13 اگست کو بلانے کی تجویز دی گئی ہے‘پہلے اجلاس میں قومی اسمبلی کے نو منتخب ارکان حلف اٹھائیں گے‘ پھر اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب ہوگا اور اس کے بعد قائد ایوان کا انتخاب عمل میں آئے گا ‘ذرائع کا کہنا ہے کہ قائد ایوان کا انتخاب یوم آزادی کی تعطیل کے بعد ہوگا۔ دوسری جانب ایوان صدر نے تصدیق کی ہے کہ انہیں سمری موصول ہو گئی ہے اور اس پر آئین کے مطابق کارروائی آگے بڑھائی جائیگی۔ادھر گورنر خیبرپختونخوا اقبال ظفر جھگڑا نے خیبر پختونخوااسمبلی کا اجلاس 13 اگست بروز پیر کو طلب کرلیا ہے،اجلاس میں صوبائی اسمبلی کے نو منتخب ممبران حلف لیں گے۔اعلامیہ کے مطابق 13 اگست کو اجلاس میں اسپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب بھی ہوگاجس کے بعد قائد ایوان کا انتخاب بھی عمل میں لایا جائے گا۔ اجلاس میں نو منتخب اسپیکر سے موجودہ اسپیکر اسد قیصر حلف لیں گے۔ جبکہ اسپیکر کی حلف برداری کے بعد نیا اسپیکر، وزیر اعلی اور ڈپٹی اسپیکر سے حلف لیں گے ۔ دوسری جانب تحریک انصاف کے ترجمان نعیم الحق نے صدرمملکت سے اپیل کی ہے کہ وہ 16اگست کو دورہ ملتوی کردیں تاکہ عمران خان حلف اٹھاسکیں ۔جمعرات کو اسلام آبادمیں میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے نعیم الحق کا کہناتھاکہ ہم صدر ممنون حسین سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ ایک دن کے لیے اپنا غیر ملکی دورہ منسوخ کردیں تاکہ عمران خان وزارت عظمی کا حلف اٹھا سکیں‘انہوں نے کہاکہ مجھے افسوس ہے کہ عمران خان کے 5میں سے 3حلقوں کے نوٹیفکیشن قومی اسمبلی میں پہنچے ہیں‘ میری صدر مملکت سے اپیل ہے کہ وہ 16 اگست کا دورہ ملتوی کر دیں تا کہ عمران خان حلف اٹھا سکیں، ہماری کوشش ہے کہ عمران خان جلد وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھا کر نئے پاکستان کی بنیاد رکھ دیں، احتجاج ہر کسی کا جمہوری حق ہے ہم نے بھی کیا تھا‘ہم قومی اسمبلی میں انتخابات کی بہتری کیلئے دوسری جماعتوں کے ساتھ مل کر صاف اور شفاف اصلاحات لائیں گے، الیکشن کمیشن کو اپنے قواعد کو تبدیل کر کے بہتر کرنے کی ضرورت ہے، انتخابات میں بھی اس بارے میں کوتاہیاں اور کمزوریاں نظر آتی ہیں، الیکشن کمیشن کامیاب امیدواروں کے نوٹیفکیشن جلد جاری کرے، تحریک انصاف مکمل طور پر وفاق، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں حکومت بنانے کیلئے تیار ہے۔