پی آئی اے کا حج آپریشن مکمل، 68 ہزار عازمین سعودی عرب پہنچ گئے

August 16, 2018

پی آئی اے کا قبل از حج آپریشن مکمل ہو گیا ، آپریشن کے ذریعے 68 ہزار سے زائد عازمین حج کو سعودی عرب پہنچادیا گیا۔ترجمان پی آئی اے کے مطابق سعودی عرب کے لیے 225 پروازیں چلائی گئیں اور ان پروازوں کی بروقت آمدورفت کا تناسب 95 فیصد رہا۔

ترجمان نےمزیدبتایا کہ 40 ہزار عازمین حج کو شیڈول پروازوں کے ذریعے سعودی عرب روانہ کیا گیا جبکہ 28 ہزار سے زائد عازمین حج کو خصوصی حج پروازوں پر سعودی عرب بھیجا گیاتھا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد سے 50 پروازوں کے ذریعے 15 ہزار 148 عازمین حج کو جبکہ کراچی سے 71 پروازوں کے ذریعے 21 ہزار 400 عازمین حج کو حجاز مقدس پہنچایا گیاتھاتاہم لاہور سے 43 پروازوں کے ذریعے 13 ہزار 960 عازمین حج سعودی عرب گئے۔

ملتان سے 19 پروازوں سے 4 ہزار571 عازمین حج ، فیصل آباد سے 7 پروازوں سے 833 عازمین حج، سیالکوٹ سے 11 پروازوں کے ذریعے 3 ہزار 708 عازمین حج جبکہ پشاور سے 24 پروازوں سے 8 ہزار 418 عازمین حج کو حجاز مقدس پہنچایا گیا۔

چیف ایگزیکٹوآفیسر مشرف رسول کے مطابق پی آئی اے کا حج سے واپسی کا آپریشن 27 اگست سے شروع ہو گاجس میں جدہ اور مدینہ سے حجاج کرام کو وطن واپس پہنچایا جائے گااور اس آپریشن کا اختتام 25 ستمبر کو ہو گا۔