طلباء پڑھیں ، محنت کریں اور ملکی ترقی میں کردار ادا کریں ، جسٹس (ر) اطہرسعید

August 20, 2018

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان میں پہلی بارکراچی میں ٹیوٹوریل کالج کا قیام عمل میں لایاگیا ہے جس کی افتتاحی تقریب ہفتے کو کالج میں منعقد ہوئی ۔شارع فیصل پر قائم امپیریل ٹیوٹوریل کالج فار اے لیول اسٹڈیز کی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی سپریم کورٹ آف پاکستان کے سابق جج جسٹس (ر)محمد اطہر سعید تھے ۔اس موقع پر خطبہ استقبالیہ میں کالج کی ڈائریکٹر مریم احمد نے بتایا کہ اس کالج کی خاصیت یہ ہے کہ اس کی ایک کلاس 8 طلبا پر مشتمل ہوتی ہے جبکہ کالج میں اسمارٹ بورڈ ٹیکنالوجی متعارف کرائی گئی ہے جس سے ہر طالبعلم کو نہ صرف انفرادی توجہ ملتی ہے بلکہ نوٹس حاصل کرنے کےلئے پریشانی بھی نہیں ہوتی۔انہوں نے کہا کہ عموماً کلاس میں زیادہ طلبا کے باعث ہر طالبعلم کو توجہ نہیں ملتی اس کالج کی کلاس میں ایک ٹیبل پر آٹھ طلبا استاد کے ہمراہ ہوتے ہیں جس سے کلاس میں دلچسپی بڑھتی ہے اور ہر کسی کو حصہ لینے اور زیادہ سیکھنے کا موقع ملتا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ دوران تعلیم انہیں جب مشکلات پیش آئیں اور ملک میں اس کا حل نہ ملا تو انہیں بیرون ملک جانا پڑا جہاں وہ اس نظام سے آشنا ہوئیں اور انہوں نے فیصلہ کیا کہ ملک واپسی پر وہ اپنے جیسے طلبا کو پریشانی سے بچائیں گی اور ایک چھت کے نیچے تمام تعلیمی مسائل کا حل دیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ہاں بچے اسکول کی فیس کے ساتھ ٹیوشن کی الگ فیس دیتے ہیں ڈبل محنت کرتے ہیں لیکن اس کے باوجو د پریشان رہتے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے معاشرے میں تعلیم کے بجائے گریڈ پر توجہ دی جانے لگی ہے جو غلط ہے اس لئے ایسا پلیٹ فارم مہیا کر رہے ہیں جس پر ہر بچہ کو توجہ اور سیکھنے کوملے گا۔مہمان خصوصی جسٹس ریٹائرڈ محمد اطہر سعید نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کالج کی انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی ۔ انہوں نے طلبا کو نصیحت کی کہ دلجمعی سے پڑھیں ، محنت کریں اور ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں ۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں انجینئرنگ کی لاجیکل وے آف تھنکنگ بہت پسند تھی ان کا آئی بی اے میں بھی داخلہ ہو گیا تھا لیکن انہوں نے قانون کی تعلیم حاصل کی ۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کالج طلبا کےلئے ایک اچھا موقع ہے امید ہے اس سے طلبا مستفیض ہوں گے اور یہ کالج اچھے لیڈر پیدا کرے گا۔ تقریب سے ڈیزائنر امیر عدنان ، ایگزیگیٹیو ڈائریکٹر فارما بیورو عائشہ ٹمی حق، صدر حبیب میٹروپولیٹن بینک محسن ناتھانی نے بھی خطاب کیا اور اپنی زندگی کے تجربات شیئر کیے ۔ تقریب کے اختتام پر کالج کے ڈائریکٹر اسد احمد نے مہمان خصوصی کو شیلڈ پیش کی۔