شادی شدہ خاتون کو میکے اور سسرال والوں نے قتل کردیا

September 10, 2018

کراچی پولیس نے مبینہ طور پر غیرت کے نام پر قتل کی گئی گلشن معمار کی خاتون کی قبرکشائی کی اجازت حاصل کرلی ہے ۔

کراچی میں غیرت کے نام پر قتل کی ایک اور واردات سامنے آگئی ، میکے اور سرال والوں کے ہاتھوں قتل کا واقعہ 28 اگست کو گلشن معمار میں رونما ہوا۔

پولیس کے مطابق پوسٹ مارٹم کےلئے خاتون صفدانہ کی قبر کشائی 12 ستمبر کو کی جائے گی ،شادی شدہ خاتون کو رشتہ داروں نے قتل کرکے دفنادیا تھا ۔

پولیس نے واقعے میں ملوث 4ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے ، دیگر کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں،ملزمان نے خاتون کو کسی لڑکے سے فون پر بات کرتے سنا تھا ،مقتولہ کا شوہر سبی میں قائم کرتا ہے۔

پولیس کے مطابق مقتولہ کے قتل کے حوالے سے سسرالیوں اور میکے والوں نے مشاورت کی ،صفدانہ کو بھٹائی آباد میں واقع بیٹھک میں لے جاکر گولیاں ماری گئیں۔

پولیس کے مطابق سسرالیوں نے لاش کو کمبل میں لپیٹ کر لڑکی کے گھروالوں کے حوالے کردیا تھا،مقتولہ کے گھروالوں نے گلشن معمار میں لاش کو دفن کردیا۔