نوازشریف سے تعزیت کیلئے لیگی رہنماؤں کی جاتی امراء آمد

September 12, 2018
 

بیگم کلثوم نواز کے انتقال کے سلسلے میں سابق وزیر اعظم میاں نوازشریف سے تعزیت کے لیے لیگی رہنماؤں کی جاتی امرا ءآمد کا سلسلہ جاری ہے۔

نوازشریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر جاتی امراء میں موجود ہیں،جنہیں گزشتہ روز بیگم کلثوم نواز کے انتقال کے بعد پیرول پر رہا کر کے بذریعہ جہاز اسلام آباد سے لاہور اور پھر جاتی امراء منتقل کیا گیا۔

ابتدائی طور پر 12 گھنٹے کے لئے پیرول پر رہائی کی منظوری دی گئی ہے، رہائی کی مدت میں توسیع بھی کی جاسکتی ہے۔

اڈیالہ جیل سے جاتی امراء تک کے سفر کا دورانیہ پیرول کے وقت میں شامل نہیں ہے، پیرول پر رہائی کے دوران نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر جاتی امراء تک محدود رہیں گے۔

ذرائع کے مطابق لیگی قائد کچھ دیر بعد لیگی رہنماؤں سے ملاقات کریں گے،تعزیت کے لیے آنے والوں میں سینیٹر آصف کرمانی، سینیٹر ڈاکٹرغوث نیازی اور دیگر شامل ہیں۔

اس موقع پر جاتی امراء کی سیکیورٹی کے لیے بھاری نفری بھی تعینات کر دی گئی ہے، ٹریفک کی روانی کے لیے وارڈن تعینات کر دیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ بیگم کلثوم نواز گزشتہ روز 68سال کی عمر میں لندن میں انتقال کر گئی تھیں، ان کی حالت دوبارہ انتہائی تشویشناک ہو گئی تھی جس کے بعد انہیں ایک مرتبہ پھر وینٹی لیٹر پر منتقل کر دیا گیا تھا، بیگم کلثوم نواز کے پھیپھڑوں نے کام چھوڑ دیا تھا۔

بیگم کلثوم نواز کینسر کے عارضے میں مبتلا تھیں اور گزشتہ 13 ماہ سے لندن کے ہارلےا سٹریٹ کلینک میں زیر علاج تھیں۔

لندن میں بیگم کلثوم نواز کی میت ریجنٹ پارک کے قریب واقع مسجد کے سرد خانے منتقل کر دی گئی ہے، ان کی لندن میں نماز جنازہ جمعرات کو بعد نماز ظہر ادا کی جائے گی۔

کلثوم نواز کی میت کو تدفین کے لیے پاکستان لایا جائے گا،جبکہ ان کی تدفین جمعے کو جاتی امراء میں ہو گی۔

میاں نواز شریف کے بھائی اور مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف اپنی بھابھی کی میت لینے کے لیے آج صبح لندن روانہ ہوئے ہیں۔


مکمل خبر پڑھیں