کلثوم نوازکی تدفین کےانتظام کوحتمی شکل دے دی گئی

September 12, 2018

سابق خاتون اول بیگم کلثوم نوازکی تدفین کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ،ان کی نماز جنازہ جمعہ کو شام 5 بجے شریف میڈیکل سٹی میں ادا کی جائے گی ۔

Your browser doesnt support HTML5 video.


مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ بیگم کلثوم نواز کی رسم قل 16 ستمبر بروز اتوار عصر تا مغرب جاتی امراء میں ہوگی ، اس حوالے سے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق بیگم کلثوم نواز کی میت لینے کےلئے شہبازشریف لندن پہنچنے والے ہیں،سابق خاتون اول کا انتقال ویسٹ منسٹر سٹی کونسل میں رجسٹرکرایا گیا ہے ۔

ریجنٹس پارک فیونرل سروس کے مطابق بیگم کلثوم نواز کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کردیا گیا ہے جبکہ کورونر کا دفتر بھی آج این اے او سی جاری کرے گا۔

ذرائع کے مطابق بیگم کلثوم نواز کی میت کے ساتھ 13افراد لندن سے پاکستان آئیں گےجن میں نوازشریف کی بیٹی اسما،اسحق ڈار کے صاحبزادے عثمان ڈار اور بیٹی حلیمہ ڈار بھی شامل ہیں ۔

میت کے ہمراہ پاکستان آنے والوں میں ڈاکٹر عدنان خان ،فیصل ٹوانہ ،ڈاکٹر آصف بیگ مرزا، ڈاکٹر خالد حفیظ مرزا،سائرہ صالح بٹ،زکریا حسین شریف ،صلاح الدین بٹ،نرگس طاہرہ بٹ،صائمہ طارق اوراعجاز گل بھی شامل ہیں ۔

بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر تعزیت کےلئے آنے والوں کا سلسلہ جاری ہے ،پیرول پر رہا ہونے والے نوازشریف ،مریم نواز اور کیپٹن صفدر جاتی امرا موجود ہیں۔

نوازشریف کی طبیعت ناساز ہے اس لئے وہ تعزیت کرنے والوں سے نہیں مل رہے ۔