عہد فاروقی میں ریاست کے معاشی ومعاشرتی مسائل کا حل موجود ہے،مفتی نعیم

September 13, 2018

کراچی(پ ر)معروف مذہبی اسکالرو جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے کہا ہے کہ محرم اسلامی سال کا پہلا مہینہ ہے، ماہ محرم اتحادو دین کی خاطر سب کچھ قربان کرنے کا درس دیتاہے ،واقعہ کربلا انسانی تاریخ کا عظیم سانحہ اور ناقابل فراموش ہے،امت مسلمہ کو حضرت عمر ؓجیسے عادل مثالی حکمران کی ضرورت ہے،عہد فاروقی میں ریاست کے معاشی ومعاشرتی مسائل کا حل موجود ہے ،اللہ کا نظام چھوڑ کر غیروں کی پیروی نے مسلمانوں کو مجبور وبے بس بنادیاہے۔ مفتی محمدنعیم نے جامعہ میں ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ حضرت عمر رضی اللہ تعالی عنہ کی شہادت ، واقعہ کربلا محرم کے دلخراش واقعات ہیں اس لحاظ سے محرم انتہائی اہمیت کاحامل ہے، حضرت عمر ؓمراد نبی اور اسلام کی شان وشوکت ہیں۔ واقعہ کربلا انسانی تاریخ کی وہ عظیم قربانی ہے جسے کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا، حضرت حسین ؓنے حق پر ڈٹ کر ثابت کردیا کہ اسلام حق کیلئے خاندان ، قبیلے ،اوررشتہ داری کی پروا نہیں کرتا۔