بریگزٹ ڈیل نہ ہوئی تو ہزاروں ملازمتیں ختم ہو جائیں گی، جیگوارلینڈ روور

September 13, 2018

لندن ( نیوز ڈیسک ) برطانیہ کے سب سے بڑے کار مینوفیکچرر کے چیف ایگزیکٹیو نے متنبہ کیا ہے کہ اگر برطانیہ نے ’’ درست بریگزٹ ڈیل ‘‘ نہیں کی تو ہزاروں ملازمتیں ختم ہو سکتی ہیں۔جیگوار لینڈ روور(جے ایل آر) کے باس نے کہا کہ انہیں قطعی اندازاہ نہیں ہے کہ اگلے سال 29مارچ کو برطانیہ کی ای یو سے علیحدگی کے بعد بھی ان کے پلانٹس کام کرتے رہیں گے یا نہیں۔ رالف سپیتھ نے برمنگھم میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈیزل پالیسی کے باعث جے ایل آرایک ہزار ملازمتوں سے محروم ہو چکی ہے اور اگر ہم نے درست بریگزٹ ڈیل نہ کی تو اس تعداد میں مزید ہزاروں کا اضافہ ہو جائے گا۔بریگزٹ پر عمل درآمد اگلے سال 29مارچ سے ہونا ہے۔سپیتھ نے کہا کہ فی الوقت میں یہ بھی نہیں جانتا کہ برطانیہ میں ہمارا کوئی مینوفیکچرنگ پلانٹ 30مارچ کے بعد بھی متحرک رہنے کے قابل ہو گا۔جے ایل آر کے باس جنہوں نے گزشتہ سال برطانیہ میں تقریباً ایک تہائی کاریں تیار کی تھیں، وہ وزیر اعظم کی تقریر سے قبل خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے مزید کہا کہ بریگزٹ معاہدہ کے نتیجے میں برطانیہ کو طویل مدت تک کم پیداوار کے مسئلہ کا سامنا ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ سولی ہل کے مقابلے میں مشرقی یورپ میں کاروں کی تیاری کے اخراجات کئی ہزار پونڈز کم ہوں گے۔ اگر بریگزٹ کے نتیجے میں اخراجات میں اضافہ ہو ا تو ہم کیا کر سکیں گے۔