’’ٹماٹر ‘‘ حسن و صحت کو بہتر بنائے

September 15, 2018

ٹماٹر جنوبی اور وسطی امریکا کا ایک پھل ہے جسے سبزی کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔ اسے پندرھویں صدی عیسوی میں امریکا سے باقی دنیا میں لایا گیا تھا۔ یورپ کے بیشتر ممالک میں سولہویں صدی عیسوی میں اس کا استعمال شروع ہوا مگر برطانیہ نے اٹھارہویں صدی کے آغاز تک اسے استعمال نہ کیا کیونکہ وہاں اسے زہریلا سمجھا جاتا تھا۔ ہسپانوی لوگوں نے اسے یورپ میں سب سے پہلے استعمال کیا۔ اس کا رنگ عموماً سرخ ہوتا ہے۔

ٹماٹر کو جِلد بہتر بنانے کے ساتھ رنگ گورا کرنے کے لئے بھی بہترین قرار دیاجاتا ہے۔ ٹماٹر میں موجو د وٹامن سی اور پوٹاشیم چہرے کو دلکش بنانے کے ساتھ ساتھ رنگ میں بھی نکھار پیدا کرتےہیں۔ اس میںلا ئیکو پین (lycopene) ایک اینٹی آکسیڈنٹ ہے، جو ڈھلتی عمر اور دھوپ سے ہونے والے نقصانات سے بچنے اور جِلد کو جواں رکھنے میںمعاون ہوتا ہے۔ ذیل میں اس کے استعمال کے چند طریقۂ کار آپ کی جلد کے لیے بھی فائدہ مند ثابت ہوسکتے ہیں۔

اسکن لائٹنر کی طرح کام کرے

بھدی جِلد کو بہتر کرنے کے لیے ایک ٹماٹر کو میش کرلیں اور اس گودے میں ایک چائے کا چمچ شہد شامل کرکے جِلد پر اس کی مالش کریں اور 15 منٹ بعد ٹھنڈے پانی سے دھولیں۔ اس طرح کرنے سے سورج کی شعاعوں سے ہونے والی خشکی سے قدرتی نجات ملے گی۔

آئلی جِلد کو بہتربنائے

یہ نہ صرف جِلد سے اضافی آئل ختم کرنے کے لیے بہترین ہے بلکہ یہ جِلد کو صاف اورستواں کرنے میںبھی مدد کرتاہے۔ ٹماٹر کو جِلد کے اوپر رگڑیں اور5منٹ بعد دھولیں۔

کھلے مساموں میں کمی لائے

ٹماٹر کھلے مسام اور بلیک ہیڈز کو کم کرنے میں بھی مدد دیتا ہے۔ ٹماٹر کو آدھا کاٹ لیں اور جِلد پر رگڑتے ہوئے اس کے عرق کو مساموں میں داخل ہونے دیں۔15منٹ بعد چہرے کو دھولیں۔

جِلد کی چمک کیلئے فیس ماسک

چند ٹماٹر لیں اور ان کو میش کرلیں، پھر اس میں تھوڑا دلیہ اور دہی ڈالیں اور اچھی طرح سے مکس کرلیں، یوں آپ کا فیس ماسک تیار ہوجائے گا۔ ماسک کی تیاری کے بعد آپ اسے چہرے پر لگاکر تقریباً 20منٹ کے لئے چھوڑ دیں۔ جب20منٹ پورے ہوجائیں تو اسے دھولیں، نتیجہ آپ کے سامنے ہوگا۔ یہ ماسک سورج کی دھوپ سے متاثرہ آپ کے چہرے کو چمکدار اور صاف بنادے گا۔

اسکن ٹونر

ایک کھیرے اور ایک ٹماٹر کا جوس لے کر اسے کسی ائیرٹائٹ اسپرے کی بوتل میں اچھی طرح ہلائیں، اس کے بعد اسے اپنی جِلدپر چھڑکیں، اس میں موجود لائیکوپین جلد کو جوانی جیسی چمک دے گا۔ اس مائع کو فریج میں4دن تک رکھ کر استعمال کیا جاسکتا ہے۔

چینی کا اسکرب

چینی کا اسکرب تیار کرنے کے لیے آپ کو صرف دو اجزاء درکار ہوں گے، ایک ٹماٹر اور دوسرا چینی۔ ٹماٹر کو کاٹیں اور اس پر ایک چائے کا چمچ چینی ڈال دیں، جب وہ گھُل جائے تو اس سے اپنے چہرے پر مساج کریں۔ ایسا کرنے سے آپ کی جِلد کے ڈیڈ سیلز غائب ہوجائیں گے اور جِلد صاف ستھری ہوجائے گی۔

جھریوںکے خاتمے کیلئے

ٹماٹر کے ذریعے چہرے کی جھریاں مٹانا ہو تو اس کے لئے آپ کو تین چیزیں ٹماٹر، لیموں اور روئی درکار ہو گی۔ دو چائے کے چمچ ٹماٹر کا جوس اور دو ہی چائے کے چمچ لیموں کا رس لیں پھر ان کو ملا کر اپنے چہرے پر روئی کے ذریعے مساج کریں اور15منٹ کے لئے چھوڑ دیں، بعد میں چہرے کو دھولیں۔

بلیک ہیڈز سے چھٹکارا

اگر آپ بلیک ہیڈز کاعلاج تلاش کررہی ہیں تو اس کا حل بھی ٹماٹر میں پوشیدہ ہے۔ تھوڑی سی ملتانی مٹی لیں اور اس میں ٹماٹر کا رس شامل کریں، پھر اس پیسٹ کو اپنے چہرے پر لگائیں۔ اسے 15منٹ تک لگائے رکھنے کے بعد ذرا سا پانی لیں اور اچھی طرح چہرے کامساج کریں اور پھر کچھ دیر بعد نیم گرم پانی سے چہرے کو دھولیں۔