ہمسایہ ملکوں سے برابری کے تعلقات چاہتے ہیں ،شہریار آفریدی

September 16, 2018

وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ ہمسایہ ملکوں سے برابری کی بنیاد پرتعلقات چاہتےہیں، افغانستان میں امن کےبغیرپاکستان میں امن ممکن نہیں۔

چارسدہ کی تحصیل شب قدر میں فرنٹیر کانسٹبلری کی پاسنگ آئوٹ پریڈ سے خطاب اور صحافیوں سے گفتگو میں شہریار آفریدی نے کہا کہ پاکستان کو غیرمستحکم کرنےکی کوشش کرنے والوں کونیست ونابودکردیاجائے گا۔

ان کا کہناتھاکہ شاندار پاسنگ آؤٹ پریڈ سے دنیا کو مثبت پیغام گیا،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایف سی کی قربانیوں پر فخر ہے اور ایف سی کو مضبوط بنانے کے لیے مثبت اقدامات کریں گے جبکہ ایف سی کو مزید مستحکم کرنے کے لیے ہماری مشاورت جاری ہے۔

وزیر مملکت برائے داخلہ نے یہ بھی کہا کہ افغانستان میں امن کے بغیر پاکستان میں قیام امن ناممکن ہے اور ہم ہمسایہ ممالک کے ساتھ برابری کی بنیاد پر تعلقات چاہتے ہیں، 100 روز کے پلان میں ہر حوالے سے مکمل سسٹم دیں گے۔