کے الیکٹرک تذبذب کا شکار،بچے کاعلاج سندھ حکومت کرائیگی،وزیر اعلیٰ

September 18, 2018

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا ہے کہ کے الیکٹرک بچے کے باہر علاج معالجہ کرانے پر تذبذب کا شکار ہے تو سندھ حکومت بچے کا بیرون ملک علاج کرائے گی ،یہ ہدایت وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سندھ کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ کابینہ اجلاس میں وزیراعلی سندھ نے صوبائی وزراء امتیاز شیخ اور مرتضیٰ وہاب سے کے الیکٹرک کی غفلت سے متاثر ہونے والے بچے عمر سے متعلق انکے والدین اور کے الیکٹرک حکام سے ملاقاتوں کے بارے میں معلومات حاصل کیں،جس پر صوبائی وزیر امتیاز شیخ نے انھیں بتایا کہ آپکی (وزیراعلیٰ سندھ) ہدایت پر والدین اور کے الیکٹرک انتظامیہ سے ملاقاتیں کی تھیں جس میں کے الیکٹرک بچے کے اخراجات کی مد میں 25 لاکھ بطور معاوضہ دینے کے لیے تیار تھا جسکو آپکی (وزیراعلیٰ سندھ) اصرار پر 50 لاکھ تک کرایا گیا ۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ کے الیکٹرک بچے کے باہر علاج معالجہ کرانے پر تذبذب کا شکار ہے جس پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ یہ کیا بات ہوئی کہ کے الیکٹرک بچے کے بیرونی ملک علاج کرانے پر ہچکچا رہا ہے انھوں نے ہدایت کی کہ بچے کی صحتیابی کے لیے بیرونی ملک بھیجنے کے ہر ممکن اقدامات کریں، سندھ حکومت بچے کا بیرون ملک علاج کرائے گی۔